Tuesday, March 3, 2020

عمران خان نے خود نوازشریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت بچانے کے لیے نواز شریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا، نوازشریف کو لندن بھیجنے کے بعد عمران خان قوم سے جھوٹ نہ بولیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو لاہور میں دیرینہ کارکن ڈاکٹر خالد جان کے گھر گئے اور سول سوسائٹی کے ارکان سے ملاقات کی۔
میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان نے حکومت بچانے کے لیے نواز شریف کو این آر او دے کر لندن بھیجا، اب یہ ڈرامے بازی اور منافقت نہ کریں، رونا نہ روئیں، اگر نوازشریف مجرم تھا تو عمران خان نے لندن کیوں بھیجا؟
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان صرف اپنا کٹھ پتلی راج جاری رکھنا چاہتے ہیں، کرپشن کیسز اور کرپشن کو روکنے پر ان کی کوئی توجہ نہیں ہے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو واپس لانے کی بات ڈرامہ اور رونے دھونے کے سوا کچھ نہیں، نواز شریف مجرم تھے تو کیوں انہیں لندن بھیجا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مشرف نے ریاست کو امریکا کے ماتحت رکھا، ان کے دور میں آٹا بحران عروج پر تھا، عمران نیازی نے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خودکشی کرنے کا کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے معاملے پر ہمیشہ آواز اٹھائی ہے، اس سلسلے میں ہمارے کمیشن کو ہمیشہ کمزور کیا گیا، ریاست کے پاس ایسی طاقت نہیں ہونی چاہیے کہ وہ اپنے شہریوں کو لاپتہ کرے، ہمیں بھی دنیا کی طرح انسانی حقوق اپنانا ہوں گے۔

No comments: