Friday, September 22, 2017

خیبرپختونخوا؛15 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں،سروے

خیبرپختونخوا میں اسکول نہ جانے والے بچوں کےبارے میں سروے مکمل ہوگیا ۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کی جانب سے آؤٹ آف اسکول بچوں سے متعلق سروے کے ابتدائی نتائج کے مطابق 15 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، جن میں سے9 لاکھ بچے کبھی اسکول نہیں گئے جبکہ 6 لاکھ نے تعلیم ادھوری چھوڑ دی ۔
محکمہ تعلیم ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے 25 اضلاع کے 45 لاکھ گھروں کا سروے کیاگیا۔
سروے کے ابتدائی نتائج کے مطابق صوبہ میں17 سال تک کی عمر کے بچوں کی تعداد 1 کروڑ 18 لاکھ ہے جن میں 62 لاکھ لڑکے اور 56 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔ ان میں اسکول جانے کی عمر کے60 لاکھ بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں جبکہ تقریباً 15 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔
اسکول سے باہر رہنے والے بچوں میں 9 لاکھ کبھی اسکول ہی نہیں گئےجبکہ 6 لاکھ ایسے ہیں جنہوں نے تعلیم کا سلسلہ بیچ میں ہی ادھورا چھوڑ دیا۔
اسکول نہ جانے والے ان بچوں میں 10 لاکھ لڑکیاں اور 5 لاکھ لڑکے شامل ہیں۔ اسکولوں میں داخلہ کی سب سے کم شرح شانگلہ، کوہستان اور تورغر میں ریکارڈ کی گئی ہے۔
بچوں کے اسکول سے باہر رہنے کی بڑی وجوہات میں بچے کا تعلیم کے ساتھ لگاؤ نہ ہونا، غربت، ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور اسکول سے فاصلہ شامل ہیں۔
سروے کے لئے محکمہ تعلیم نے22 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کئے تھے۔

https://jang.com.pk/latest/379129-khyber-pakhtunkhwa-15-lac-children-are-out-of-school-survey

No comments: