Sunday, April 3, 2022

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے اور افکار پر سختی سے پابند رہتے ہوئے 1973ع کے آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری


کراچی/اسلام آباد (3 اپریل 2022) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے اور افکار پر سختی سے پابند رہتے ہوئے 1973ع کے آئین کی حفاظت اور حقیقی جمہوریت کے قیام کی جدوجہد میں ہمیشہ کی طرح قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی، جبکہ اس اصول کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے پاکستان کے پہلے منتخب وزیراعظم و پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کو ان 43 ویں یومِ شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے عوام کو شعور دیا، متفقہ آئین دے کر ریاست کو مضبوط بنایا، جوہری پروگرام کی بنیاد رکھ کر ملک کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ذات، مفادات اور خطرات کو بھول کر صرف اور صرف قوم کی سربلندی کے لیئے سوچنے اور عملی اقدامات اٹھانے کا نام ذوالفقار علی بھٹو ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ قائدِ عوام کی عظمت کا ثبوت ہے کہ ان کے بدترین مخالفوں کو بھی عوام کی ہمدردی حاصل کرنے کے لیئے ذوالفقار علی بھٹو شہید کے نام کے پیچھے چھپنا پڑتا ہے۔ یہ ذوالفقار علی بھٹو شہید تھے، جنہوں نے تختہ دار پر چڑھ کر دنیا کو بتایا کہ عوام کا لیڈر موت کو بھی شان سے تو قبول کرسکتا ہے، لیکن اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کرسکتا۔

 پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت آئین، جمہوریت اور ملک کی حفاظت کرتی رہے گی، اور ان کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

https://www.ppp.org.pk/pr/26737/

No comments: