Thursday, June 17, 2021

پاکستانی امریکی لینا خان امریکہ کی سب سے کم عمر فیڈرل ٹریڈ کمشنر بن گئیں

 


کاروباری اور تجارتی قوانین کی پاکستانی نژاد امریکی ماہر لینا خان نے سینیٹ سے نامزدگی کی منظوری کے بعد امریکہ کے فیڈرل ٹریڈ کمشنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اس سال مارچ میں لینا خان کوٖ فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی سربراہی کے لیے نامزد کرتے ہوئے کاروبار کے میدان میں اینٹی ٹرسٹ قوانین پر ان کی مہارت، تجربے اور اسکالرشپ کا حوالہ دیا تھا۔

32 سالہ لینا خان امریکی فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں شامل ہونے والی سب سے کم عمر رکن اور کمیشن کے اب تک مقرر کئے گئے رہنماؤں میں سب سے کم عمر چئیرپرسن ہیں۔ اسی وجہ سے ان پر بعض ریپبلکن حلقوں کی جانب سے اعتراض بھی کیا گیا ہے۔

امریکہ کا فیڈرل ٹریڈ کمیشن ایک آزاد ادارہ ہے جس کی ذمہ داریوں میں کاروبار میں ناجائز طریقوں اور فراڈ کو روکنا اور صارفین کے حقوق کی حفاظت کرنا شامل ہیں۔

امریکی سینیٹ نے اس ہفتے لینا خان کی نامزدگی کو اکثریتی ووٹ سے منظور کیا تھا۔

لینا خان کا شمار امریکہ میں کاروباری شعبے میں اینٹی ٹرسٹ قوانین اور اجارہ داری جیسے اہم پہلووں کے ماہرین میں ہوتا ہے۔ وہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کے کچھ کاروباری طریقہ کار کی نمایاں نقاد بھی ہیں۔

اس سے قبل لینا خان کولمبیا لا سکول میں قانون کی ایسوسی ایٹ پروفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ انہیں کاروباری شعبے میں اینٹی ٹرسٹ قوانین کے علاوہ انسداد اجارہ داری کی روایت اور انفراسٹرکچر کے شعبے کی صنعتوں سے متعلق قوانین میں تدریسی مہارت حاصل ہے۔

انہیں اینٹی ٹرسٹ قوانین پر تحقیق اور آرٹیکلز تحریر کرنے پر متعداد انعامات سے نوازا گیا ہے ۔کاروباری قوانین کے متعلق ان کے مفصل مضامین امریکہ کے ممتاز تعلیمی اداروں ییل، ہاورڈ اور کولمبیا یونیورسٹی کے لا جرنل، کولمبیا لا ریویو اور شکاگو لا ریویو سمیت کئی اشاعتوں میں چھپ چکے ہیں۔

وہ امریکہ کے ایوان نمائندگان میں اینٹی ٹرسٹ قوانین اور تجارتی اور انتظامی قوانین سے متعلق سب کمیٹی برائے انصاف کی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔ اس کمیٹی کی وکیل کے طور پر انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹس پر تفتیش میں اہم کردار ادا کیا۔

قبل ازیں انہوں نے سابق ڈیموکریٹک ٹریڈ کمشنر روہیت چوپڑا کے دفتر میں قانونی مشیر کے فرائض بھی انجام دیے۔ وہ اوپن مارکیٹس نامی انسٹی ٹیوٹ کی قانونی مشیر بھی رہ چکی ہیں۔ انہوں نے ییل لا سکول اور ولیمز کالج سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔

لینا خان نے طالب علمی کے دوران ہی کاروباری قوانین سے متعلق حلقوں میں اس وقت ممتاز مقام حاصل کیا، جب 2017 میں انہوں نے'ایمیزوں کے اینٹی ٹرسٹ پیراڈاکس' کے عنوان سے ایک مضمون لکھا، جس میں کاروباری شعبے سے متعلق قوانین کے نفاذ اور قانون شکنی سے متعلق بات کی گئی تھی۔ اس مضمون میں انہوں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ اینٹی ٹرسٹ قوانین کی خلاف ورزیوں کا تعین صارفین کو پہنچنے والے نقصان کی بنیاد پر کیا جاسکتا ہے۔

لینا خان کے والدین پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں، جب کہ وہ لندن میں پیدا ہوئیں.
وہ گیارہ سال پہلے اپنے والدین کے ہمراہ 2010 میں امریکہ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کے لیے آئیں اور قانون کے شعبہ میں اعلی تعلیم حاصل کی۔


https://www.urduvoa.com/a/lina-khan-federal-trade-commissioner/5931245.html

No comments: