Tuesday, December 8, 2020

تمام ارکان اسمبلی 31 دسمبر تک استعفے اپنی قیادت کو جمع کرا دیں


عبداللہ جان 

 AJKhan65@ 

پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) کے کنوینر مولانا فضل الرحمٰن نے منگل کو اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 دسمبر تک استعفے اپنی قیادت کو جمع کرا دیں۔

یہ فیصلہ منگل کو اسلام آباد میں پی ڈٰی ایم کے ایک اہم سربراہی اجلاس میں طے پایا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور حکومت مخالف تحریک پر غور کرنے کے بعد کئی اہم فیصلے کیے گئے۔  

اجلاس کی صدارت پی ڈی ایم کے سربراہ اور جمیعت علما اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کی جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل موومنٹ (بی این پی مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔  

حال ہی میں کووڈ19 سے صحت یاب ہونے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس اہم بیٹھک میں شرکت کی۔ یاد رہے ان کا تقریباً دو ہفتے قبل کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ ازخود تنہائی میں چلے گئے تھے۔ اجلاس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اپوزیشن کے دوسرے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ 

سربراہی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے اہم فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’13 دسمبر کو مینار پاکستان پر ہی جلسہ ہوگا اور اگر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو ملتان سے زیادہ برا حشر ہوگا۔‘

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے آج ایسی باتیں کیں جس سے لگا وہ ڈائیلاگ نہیں بلکہ ہم سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نو دسمبر کو سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں ملک کے اندر پہیہ جام ہڑتال، شٹر ڈاؤن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ گرفتاریوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے سوچا بھی نہیں کہ گرفتاری کیا چیز ہوتی ہے؟ حکومت کو فرق پڑچکا، کرسی کی چولیں ہل چکیں، اب ایک دھکے کی ضرورت ہے۔‘ 

استعفوں سے متعلق  ایک سوال پر انہوں نے حکمران جماعت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے استعفے دیے تو واپس نہیں لیں گے، تحریک اس پورے نظام اور دھاندلی کے خلاف ہے، دھاندلی کرنے والے خود سوچیں کہ ان کا 

انجام کیا ہوگا۔

https://www.independenturdu.com/node/54431

No comments: