پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ شاہی جوکرز این آر او کی راگنی بند کریں۔ جب حزب اختلاف مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کی مشکلات ختم کرو تو کہا جاتا ہے کہ حزب اختلاف والے این آر او مانگ رہے ہیں۔ جب ان سے کہتے ہیں کہ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرکے عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تو عمران خان اور وفاقی وزراءگھسی پٹی راگنی گانا شروع ہو جاتے ہیں کہ کسی کو این آراو نہیں ملے گا۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ غریب بیچارا زندگی بچانے والے ادویات خریدنے کے لئے پریشان ہے۔
سرکاری ہسپتالوں میں ادویات میسر نہیں مگر سادہ لوگوں کو نام نہاد انصاف صحت کارڈ کے نام پر دھوکہ دیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ صحت کارڈ سفید اور کورا تعویز ہے جس کی کوئی افادیت نہیں ہے۔ تعویزوں اور گنڈوں کے بل بوتے پر چلنے والی حکومت صحت کارڈ کے نام پر عوام کے ہاتھوں میں سفید تعویز تھما رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آئی ایم ایف اور عوام کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ یہ منافع خوروں کی حکومت ہے کیونکہ منافع خور ہی عمران خان کی اے ٹی ایم مشین رہے ہیں۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ غریب کے لئے دال، روٹی مشکل بن چکی ہے۔ سلیکٹڈ حکومت بھوک، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کے ذریعے عوام میں مہلک بیماریاں پھیلا رہی
ہے۔
No comments:
Post a Comment