قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے مالی سال 21-2020 بجٹ مسترد کردیا۔
اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پورا پاکستان بجٹ کے خلاف متحد ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پٹرولیم قیمتیں بڑھا کر عوام پر ظلم کیا گیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن نےبجٹ مستردکرکےمشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشکل صورتحال میں عوام پر ظلم کیا گیا، حکومت نے بجٹ منظوری سے پہلے پیٹرول پر جتنا ٹیکس لگایا وہ پیٹرول سے بھی مہنگا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئندہ ہفتے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا پلان ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صحتیاب ہونے پر اے پی سی کا اعلان ہوگا۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ شہباز شریف بیماری کے باوجود تمام اپوزیشن جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کورونا وبا پر تمام اپوزیشن نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کا وزیرِ اعظم ہونا قوم کی صحت اور معاشی صورتحال کے لیے خطرہ ہے۔
عمران خان قومی بوجھ بن گئے، خواجہ آصف
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر خواجہ آصف نے کہا کہ کورونا وبا معیشت کی بحالی کے دروازے بھی بند کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے انجام کا وقت آن پہنچا ہے، مشیرِ خزانہ کے بیان کے دو دن بعد عوام پر پیٹرول بم گرایا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جلد اس معاملے میں اپنا لائحہ عمل طے کرے گی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ اس مشکل وقت میں ملک کے طول و عرض میں ایک وبا کا راج ہے، عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈال دیا گیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکمرانی ہمیں تباہی کی طرف لے جا رہی ہے، مہنگائی کا طوفان ناقابلِ برداشت ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عمران خان قومی بوجھ بن گئے ہیں، جتنی جلدی عمران خان سے چھٹکارا حاصل کیا جائے، بچا کھچا پاکستان بچایا جاسکتا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مشترکہ حکمت عملی مرتب کرے گی، اپوزیشن کو ٹارگٹ کرنے کے لیے حکومتی ادارے استعمال کیے جارہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وقت آچکا ہے کہ ان کا حساب کتاب چکا دیا جائے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی کے لیے ہر آئینی راستہ اختیار کریں گے، نیا مینڈیٹ ہی موجودہ مسائل سے نجات کا راستہ ہے۔
بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندا ہے، میاں اسلم
جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم کا کہنا تھا کہ حکومت نے پٹرولیم قیمتیں بڑھا کر عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بجٹ محض الفاظ کا گورکھ دھندا ہے۔
میاں اسلام کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت نے بدترین بجٹ پیش کیا، حکومت پہلے بھی فیل تھی بجٹ کے بعد مزید فیل ہو گئی ہے۔
No comments:
Post a Comment