پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میڈیا کو دبانے اور ان کوششوں سے باز آ جائے، جن کے ذریعے وہ قومی میڈیا کو ذاتی پروپیگنڈا مشین بنانے پر تلی ہوئی ہے تاکہ وہ اسے مخالفین پر جبر کے لیئےایک آلے کے طور استعمال کرسکے۔ پریس کی آزادی کے عالمی دن کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے نشاندھی کی کہ تحریک انصاف کی فسطائیانہ حکومت کے دوران پریس کی آزادی کے متعلق پاکستان کی سالانہ درجہ بندی میں مسلسل تنزلی آرہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں صحافیوں نے آزادی صحافت کے لئے بڑی قربانیاں دیں ہیں، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی آزادیِ اظہارِ رائے کی ہر جدوجہد میں ہمیشہ صحافی برادری کے شانہ بشانہ کھڑی رہی، آئںدہ بھی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پریس کی آزادی اور غیرجانبدار و بیباک صحافت کے لیئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
حکومت میں آنے کے بعد سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جانب سے اٹھائے گئے اولین اقدامات میں سے ایک ان تمام آمرانہ کالے قوانین کا خاتمہ کرنا تھا، جو صحافت پر قدغنیں لگانے کی خاطر بنائے گئے تھے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پہلے ہی دن سے میڈیا کی آزادی پر حملے کر رہی ہے۔ اس کے ناقدین کے ٹی وی شوز زبردستی بند کردیئے گئے جبکہ دیگر کو نکال دیا گیا۔ جن پر ریاست مہربان ہے، ان کو اپوزیشن کی جانب سے عوام کی خدمت کے لیئے اٹھائے گئے کام و کاوشوں کی برائی کرنے کے لیئے پروپیگنڈہ کے ہتھیاروں کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صحافی برادری کے ساتھ مل کر صحافت کی آزادی، صحافی برادری کے تحفظ اور ان کے پیشے کے تقدس کے لیئے جدوجہد جاری رکھے گی۔
https://www.ppp.org.pk/2020/05/02/hukumat-media-ko-dabany-sy-baz-aa-jayne/
No comments:
Post a Comment