Friday, March 6, 2020

#AuratMarch2020 - ’عورت مارچ پر ثابت ہوگیا، پی ٹی آئی جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے‘

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکر نے کہا ہے کہ عورت مارچ کے معاملے پر ثابت ہو گیا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عورت مارچ کے معاملے پر (ن) لیگ اورپی ٹی آئی ایک صفحے پر آگئیں، تحریک انصاف کھل کر خواتین کے حقوق کے خلاف کھڑی ہوگئی ہے جبکہ عورت مارچ پر (ن) لیگ کی خاموشی رجعت پسندانہ سوچ کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو توپہلے دن ہی گُڈ لکنگ جماعت اسلامی کا خطاب ملا تھا، عورت مارچ پر ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی جماعت اسلامی کا جدید نمونہ ہے، جو لوگ پی ٹی آئی کو ترقی پسند جماعت سمجھے تھے، وہ مایوس ہوگئے ہیں۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو وہ واحد قومی لیڈر ہیں جو خواتین کے حقوق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، حکمران مُلائیت پروان چڑھا رہے ہیں جس کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عورت مارچ کا مکمل تحفظ فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی شو کے دوران معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر اور سماجی کارکن ماروی سرمد کے درمیان ہونے والی تکرار کے بعد عالمی یوم خواتین کے موقع پر ہونے والا عورت مارچ زیر بحث ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عورت مارچ کو رکوانے کیلئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردی ہے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس اطہر من اللہ کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر عورت مارچ کا اعلان کیا گیا، توقع ہے کہ عورت مارچ کے شرکاء شائستگی برقرار رکھتے ہوئے آئینی حق استعمال کریں گے۔

No comments: