Wednesday, March 18, 2020

سندھ میں لاک ڈاؤن، صرف خوراک و ادویات کی دکانیں کھلیں گی، سرکاری دفاتر، انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بند ، ریستوران سے کھانا لے جانے کی اجازت، 3 ارب کا امدادی فنڈ قائم، PSL ملتوی

 ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے صوبہ سندھ میں مزید 22، پنجاب میں 26؍ اور بلوچستان میں مزید 7؍ کیسز کل 55؍ مریض سامنے آنے کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 237 ہوگئی۔ 
کورونا وائرس کی شدت کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبہ لاک ڈاؤن کردیا ہے ، صرف خوراک و ادویات کی دکانیں کھلیں گی، سرکاری دفاتر، شاپنگ مالز، بازار ، اسپتالوں کی او پی ڈیز بند 15روز کیلئے بند کردی گئیں ، انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی نہیں چلے گی ، شہر بھر کے ریستورانوں میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی ہوگی تاہم کھانا لے جانا کی اجازت ہوگی۔
سندھ حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے 3؍ ارب کا امداد فنڈ بھی قائم کردیا ہے جس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ریلیف فنڈ سے ایک ارب روپے ٹرانسفر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ فنڈ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی ہوگی ۔ سندھ میں صابن مفت تقسیم ہونگے ،پہلے مرحلے میں 10لا کھ سے زا ئد صا بن خریدکے عوام میں مفت تقسیم کئے جا ئینگے۔ 
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگ گھروں تک محدود رہیں ، وائرس پھیل گیا تو اسپتال کم پڑ جائیں گے جبکہ صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے کہا کہ وائرس سے بچانے کیلئے کرفیو کی طرف جایا جاسکتا ہے مگر ابھی ایسا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب کورونا وائرس کے خطرات میں اضافے کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 5کو ملتوی کردیا گیا۔ سیمی فائنلز اور فائنل بعد میں ری شیڈول کئے جائیں گے ۔ 
ادھر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کیلئے پاکستان میں داخل ہونے کیلئے کورونا ٹیسٹ لازم قرار دے دیا گیا ،مسافر کیلئے پرواز سے 24؍ گھنٹے قبل ٹیسٹ کروانا ضروری ہےجبکہ تربت اور گوادر کے علاوہ پاکستان کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بین الاقوامی ہوائی آپریشن دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ 
دریں اثناء کورونا وائرس کی روک تھام کےسلسلے میں چمن میں پاک افغان سرحد باب دوستی سے متصل علاقے میں پہلی بار 7 سو سے زائد خیموں پر مشتمل قرنطینہ قائم کردیا گیا۔

No comments: