چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی قصائی ظلم کی آگ سے کھیل رہا ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مودی قصائی ظلم کی آگ سے کھیل رہا ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مودی قصائی ظلم کی آگ سے کھیل رہا ہے، ایک قلم کی جنبش سے بھارت نےایک پینڈورا باکس کھول دیا، بھارت نے عالمی قوانین کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائیں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں پرظلم کیا، بھارت کےاس اقدام کو نہ کشمیرمانتا ہے نہ پاکستان۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تمام سیاسی قیادت کو قید کر دیا گیا، اور وہاں مزید ہزاروں فوجی تعینات کر دئیے گئے، نہتے کشمیریوں پر کلسٹر بموں سے حملہ کیا گیا، وادی میں موبائل فون سروس اور انٹرنیٹ بند ہے، مودی سرکار کا اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، لیکن حیران کن طور پر پاکستانی حکومت کی پالیسی ابھی تک واضح نہیں، حکومت نے ابھی تک کوئی قانون سازی نہیں کی، کشمیر کے مسئلے پر وزیراعظم کی ٹویٹ سے کام نہیں چلے گا، وزیراعظم کی آج کی تقریر بھی ناکافی ہے، تاریخ ہم سے پوچھے گی جب کشمیر پر کلسٹر بم برسائےجا رہے تھے اس وقت ہم کہاں تھے، کشمیر کی شناخت بدلی جارہی تھی تو اس وقت ہم نے مجرمانہ خاموشی کیوں اختیار کی۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ افسوس کی بات ہےکہ اتنےاہم اجلاس میں تمام ارکان موجود نہیں، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں خطاب کے لیے وزیر خارجہ نہیں، عمران خان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اس کشیدہ صورتحال میں وطن واپس بلائیں ۔ پاکستان کو کشمیر کے معاملے پر ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے، پاکستان کو کوشش کرنی ہوگی اقوام متحدہ جا کر قراردادوں پر عملدرآمد کرائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خصوصی کمیشن سے تحقیقات کرائی جائیں۔ ہم کشمیریوں کی چیخ وپکارپر خاموش نہیں رہیں گے، ہمیں ایک قوم کی طرح کھڑا ہونا ہوگا، اس طرح کے مواقع پر قومیں بنا کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گجرات کا قصائی آج بھارت کا وزیراعظم بنا بیٹھا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر کے حل کی امید رکھی جائے، پاکستان یو این میں آواز اٹھاتا رہے، او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے، اقوام متحدہ کی قرارداد کےتحت کشمیر متنازع علاقہ ہے، پاکستان وزرائے خارجہ کی سطح پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے، حکومت انکوائری کمیشن کے لئے سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھائے.
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کو وزیرخارجہ بنائیں، تو شاید وہ معاملہ بہترطریقےسے چلا سکے، ہماری حکومت ہوتی تو صرف ٹوئٹ کرتے تو خان صاحب ہمارے ساتھ کیا کرتے، عمران خان سے گزارش ہے بھرپورجذبے سے کشمیر کاز پر کام کریں.
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت کا شکریہ کہ انہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا، اسپیکر صاحب آپ کا شکریہ، آپ نے سابق صدر آصف زرداری کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ انتہائی اہم موقع پر بھی سارے ممبران اسمبلی اس وقت ایوان میں موجود نہیں، رانا ثنا اللّہ ،سابق وزیراعظم شاہد خان قان عباسی اور دوسرے ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کئے جاسکے۔
No comments:
Post a Comment