پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، خان صاحب آپ اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں، بزدل ہی عورتوں اور بزرگوں کونشانہ بناتے ہیں، پہلے بھی آصف زرداری کوبارہ سال جیل میں رکھا گیا اب بھی وہ باعزت بری ہونگے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے 66 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نواب شاہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ یہ لوگ سمجھتے ہیں دباؤ ڈال کر ہماری زبان بندی کرسکتے ہیں، ہم ڈرنے والے نہیں، ہم جھکنے والے نہیں، آخری سانس تک آئین کا دفاع کریں گے، 18ویں ترمیم پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اندھیری قوتوں کے خلاف لڑرہا ہے، ان قوتوں کے خلاف لڑرہا ہے جن کی وجہ سے ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کی جانیں گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا جرم کیا ہے؟ ان کی ساری جوانی جیلوں میں گزری، ان کو اس عمر میں بھی قید کیا گیا لیکن وہ ملک چھوڑ کر نہیں بھاگے، آصف زرداری نیب اور عدالتوں میں پیش ہوتے رہے۔
نیب پر تنقید کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ وزیرداخلہ، وزیردفاع، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے خلاف بھی کیسز ہیں، جن حکومتی عہدیداروں کے خلاف کیسز ہیں وہ آزاد ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت 18 ویں ترمیم کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن آصف زرداری عوام کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔
No comments:
Post a Comment