پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان رات کو چھپ کر تقریریں کررہے ہیں، وہ گو نیازی گو کے نعروں سے گونجتے ملک میں دن کی روشنی میں عوام کا سامنا کرنے کے قابل نہیں رہے۔دوسروں کے بچوں کے ملک سے باہر ہونے پر تنقید کرنے والے عمران خان کے اپنے بچے کہاں پل رہے ہیں؟
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں ایک بیان میں کہا کہ عمران خان کی منافقت کی انتہا ہے کہ وہ بسم اللہ پڑھ کر جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیا صرف اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں کرکے اب نیب پی ٹی آئی کے منشور کی تکمیل کرے گی؟ کیا اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریاں ہی ریاست مدینہ کے قیام کا طریقہ ہیں؟
خورشید شاہ نے کہا کہ ساٹھ برسوں میں اتنی تیزی سے قرضہ نہیں لیا گیا جتنا پی ٹی آئی نے 10 ماہ میں لیا۔مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافے سے توجہ ہٹانے کے لئے عمران خان کرپشن کا راگ الاپ رہے ہیں۔
خورشیدشاہ نے کہا کہ اگر عمران خان کرپشن کے خاتمے میں سنجیدہ ہیں تو علیمہ خان، جہانگیر ترین، پرویز خٹک کی کرپشن کیوں نہیں بتاتے، نیب آصف زرداری پر ایک روپے کی کرپشن اب تک ثابت نہیں کرسکی۔
انہوںنے کہا کہ عمران خان آصف زرداری پر وہ الزام لگارہے ہیں، جنہیں تین دہائیوں سے ثابت نہیں کیا جاسکا،دو این آر او دے کر عمران خان کے نزدیک ملک کو تباہ کرنے والا سب سے بڑا مجرم دبئی میں بیٹھا ہے، عمران خان قائد ایوان ہیں، ایوان میں تقریر کرنے کی ہمت کریں۔
No comments:
Post a Comment