Saturday, July 7, 2018

عوام اور کسان دوست منشور دیا، کے پی حکومت نے مایوس کیا، جنوبی پنجاب صوبہ بنائیں گے، بلاول


چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مایوس کیا، ہمارامنشور عوام دوست، کسان دوست منشور ہے ، سندھ میں مزدوروں ، کسانوں اور محنت کشوں کیلئے بہت کام کیا، سندھ میں 14 یونیورسٹیاں بنائی گئیں جہاں پر غریب طلباء و طالبات مفت تعلیم حاصل کرینگے، سندھ بھر میں8نئے اسپتال کھولےجہاں پر غریبوں کا مفت علاج معالجہ ہوتا ہے، تخت رائیونڈ نےجنوبی پنجاب کی محرومیوں کے ازالے کیلئے کچھ نہیں کیا،پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام عمل میں لائےگی ۔ وہ جمعہ کو چانگ فارم نواز آباد میںجلسے سے خطاب کر رہے تھے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ برسر اقتدار آکر ملک سے بے روزگاری کا خاتمہ کرینگے ، پیپلزپارٹی کے منشور میں شامل ہے کہ جنوبی پنجاب کو ہر صورت صوبہ بنائیں گے، اپنے لئے نہیں بلکہ عوام کیلئے اقتدار چاہتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ شاندار استقبال نےثابت کردیا کہ صادق آباد پیپلزپارٹی کا منی لاڑکانہ ہے۔تمام سیاسی جماعتیں پیپلزپارٹی کو کمزور سمجھنے کی بجائے 25جولائی کے دن میدان میں آکر مقابلہ کریں ، عوام کے ووٹ کی طاقت سے 1970ء والی تاریخ دہرائیں گے ، جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، پیپلزپارٹی نے اپنے منشور میں نیاپاکستان بنانےاور غربت کو
ختم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے ،ظلم اور جبر کی کالی رات بہت جلد ختم ہونے والی ہے۔ صدرپیپلزپارٹی جنوبی پنجاب ا حمد محمود نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا مستقبل مکمل طور پر تاریک ہو چکا ہے 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے جو غلط فیصلے کیے اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔جلسے سے پی پی امیدوار پیپلزپارٹی حلقہ این اے 180مرتضیٰ محمود، امیدوار حلقہ پی پی 266ممتاز خان چانگ، ضلعی صدر پیپلزپارٹی حبیب الرحمان گوپانگ نے بھی خطاب کیا۔
https://jang.com.pk/news/517252#_

No comments: