Friday, January 5, 2018

ملک میں جمہوریت ہے لیکن مضبوط نہیں ، بلاول بھٹو - #HappyBirthdaySZAB

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت موجود ہے لیکن مضبوط نہیں ،ہم الیکشن کی طرف جارہے ہیں ، جیالا جہاں بھی ہے تیار ہوجائے ۔
بلاول ہائوس لاہور میں پیپلز پارٹی کے بانی اور سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقع پر کارکنوں سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو میں پی پی چیئرمین نےکہا کہ جتنا کام شہید بھٹو نے کیا اتنا کسی نے نہیں کیا ، انہوں نے ملک کو آئین دیا ، ایٹمی طاقت بنایا ۔
اس موقع پر بلاول بھٹو نےن لیگ اور پی ٹی آئی کی قیادت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ اگر ن لیگ کی حکومت آگئی تو پاناما کے بعد دنیا بھر میں کون ان سے بات کرے گا ؟یہ امریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کیسے بات کریں گے؟
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ اگر خدانخواستہ تحریک انصاف کی حکومت آگئی تو ہم دنیا کو کیا منہ دکھائیں گے ،وہ آدمی جو طالبان کو ہمارے بچھڑے ہوئے بھائی کہتا تھا ، ہمارا وزیر اعظم بنے گا تو پاکستان کہاں کھڑا ہوگا ؟
ان کا کہنا تھا کہ ابھی جمہوریت نئی اور کمزور ہے، اگر اگلی حکومت پیپلز پارٹی کی نہ ہوئی تو ملک کا کیا ہو گا؟عوام طاقت کا سرچشمہ ہیں ،چاہتے ہیں عوام ہی ہر فیصلہ کریں ۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں نواز شریف کے بیانات غیردانشمندانہ اور غیرذمہ دارانہ ہیں، ٹرمپ کے بیانات کا جواب حکومت وقت نے اچھا دیا ہے، یہ وقت یک زبان ہونے کا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگلے انتخابات میں نوجوان قیادت صرف وہ خود ہیں کیونکہ مریم نواز ان کی عمر سے دگنی بڑی ہیں۔
سندھ میں کسانوں اور اساتذہ پر تشدد کے واقعات پر چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پولیس کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے نا کہ اختیارات سے تجاوز کرنا۔

https://jang.com.pk/latest/429283-there-is-democracy-in-the-country-but-not-strong-bilawal-bhutto

No comments: