Thursday, December 7, 2017

رپورٹ میں رانا ثناء کو سانحے کا ذمہ دار قرار دیا گیا، طاہر القادری

In The Report Rana Sanaa Was Considered Responsible For The Tragedy Tahir Ul Qadri
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ ماڈل ٹاؤن کی رپورٹ میں سانحے کا ذمہ دار رانا ثناء کو قرار دیا گیا ہے۔
ن لیگ کی حکومت کے خلاف پہلے بیان پھر ایکشن سامنے آیا ہے، سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کی لاہور میں ملاقات ہوئی ہے ۔
آصف زرداری خود چل کر پاکستان عوامی تحریک کے مرکز منہاج القرآن پہنچ گئے، دونوں رہنماؤں کی ملاقات دو گھنٹے جاری رہی ۔
اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہداء کے لواحقین اور عوامی تحریک کے ساتھ تھے اور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن افسوسناک ہے، جو قصور وار ہیں انہیں انصاف کےکٹہرے میں لانا چاہیے ۔
سابق صدر آصف زرداری کو فائرنگ کی جگہ بھی دکھائی گئی، اس موقع پر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹا کر تھک گئے لیکن امید کا دامن نہیں چھوڑا ۔
ملاقات کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر علامہ طاہر القادری نے کہا کہ جنازوں سے جسٹس باقرنجفی کی رپورٹ تک پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ کھڑی رہی۔
انہوں نے کہا کہ باقرنجفی رپورٹ میں شہبازشریف کوواضح طورپرقاتل ڈکلیئرکیا ہے،رپورٹ اتنی کلیئرہے شہباز شریف،پنجاب حکومت کواس خون کی ہولی کاذمے دارٹھہرایا۔
طاہرالقادری کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں ہے انسان جھوٹ بول سکتےہیں حالات ،واقعات نہیں ، ہم اندھیر نگری نہیں چاہتے، رانا ثناء اللہ اس آپریشن کے انچارج تھے۔
انہوں نے امریکی صدر کی جانب  سے القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کل ایک بین الاقوامی سانحہ رونما ہوا ہے ،آج قیام امن کی کوششوں کو دھچکا لگا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کے فیصلے سے مسلمانان عالم مایوس ہوئے ہیں ، امریکی صدر ٹرمپ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں ، ٹرمپ کا فیصلہ مشکلات میں اضافہ کرے گا ۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کانہیں عالمگیر سطح پرانسانی مسئلہ ہے، امریکی فیصلے سے مشکلات آئیں گی،تشدد میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو خود مختار ریاست دی جانی چاہیے ،امریکا اس فیصلے سے عالمی برادری میں تنہائی کا شکار ہوگیا ہے۔
طاہرالقادری نے یہ بھی کہا کہ پوپ اور یورپین لیڈرز نے بھی امریکی فیصلےکی مذمت کی، ہم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

https://jang.com.pk/latest/415303-in-the-report-rana-sanaa-was-considered-responsible-for-the-tragedy-tahir-ul-qadri

No comments: