چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خان صاحب کی تبدیلی جھوٹ اور صرف جھوٹ ہے، ان سے بڑا جھوٹا اور مکار شخص کبھی نہیں دیکھا، وہ ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، دوسروں کو گالی دیکر خوش ہوتے ہیں، عمران خان کو قربانیاں اور جدوجہد کرنے والے سینئر سیاستدانوں پر تنقید کر کے خوشی ملتی ہے، جسے اپنی زبان پر قابو نہیں کیا وہ قوم کی رہنمائی کرسکتا ہے؟
پشاور کے علاقہ زنگلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ این اے4 میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ تین جماعتوں سے ہے، مسلم لیگ(ن)، تحریک انصاف اور اے این پی سے پیپلز پارٹی کا مقابلہ ہے، فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ کس پارٹی نے پختونوں کو شناخت دی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وجہ سے قوم پرست جماعتیں وفاق کی سیاست کر رہی ہیں، جھوٹ، فریب، نااہل سیاستدانوں کو شکست دینی ہے، 4سال میں ن لیگ اور تحریک انصاف کی حکومت صوبے اور ملک کو کس نہج پر لے آئے، مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف نے سیاست کو گندا کردیا، اخلاقیات کاجنازہ نکال دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب ہر قیمت پر اقتدارحاصل کرنا چاہتے ہیں، خان صاحب ہر وہ کام کرنے کے لیے تیار ہیں جس سے وہ بنی گالہ سے وزیر اعظم ہاؤس پہنچ سکیں، وہ انتظار میں ہیں کہ کب انگلی اٹھے اور وہ ناچنا شروع کردیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نااہل میاں صاحب کی نااہل وفاقی حکومت نے عوام کو دھوکا دیا ہے، پاکستان کاکوئی ایک طبقہ بتائیں جومیاں صاحب کی پالیسی سے خوش ہو، دکاندار سے لیکر تاجر، مزدور سے لیکر فیکٹری مالک، ملازمین سے لیکر پنشنرز تک سب پریشان ہیں، ترقی، خوشحالی، میاں صاحب کے اثاثوں میں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری دنیا میں تبدیلی کا ڈھول پیٹ رہا ہے،عمران خان نوے دن میں کرپشن ختم کرنے والا تھا؟ کون سی تبدیلی آئی؟ وہ ڈھٹائی سے دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگا کر خود کو فرشتہ ثابت کرناچاہتاہے، تعلیم اور صحت سےمتعلق نیا جھوٹ بولا جا رہا ہے، خیبر پختونخوا میں ایک پوزیشن بھی سرکاری اسکول کے بچے کو نہیں ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں کوبھی نجی شعبےمیں دیکر عوام کوعذاب میں ڈالاجارہا ہے، نرسز، اساتذہ احتجاج کررہے ہیں، ورکرز ویلفیئر بورڈ کو تنخواہ نہیں دی جارہی، خیبر پختونخوا میں ایک بھی نیا اسپتال نہیں بنا،سندھ میں بڑے بڑے اسپتال بن رہے ہیں اور فری علاج ہوتا ہے، عمران خان خیبر پختونخوا کے عوام کے وسائل پنجاب کی سیاست کے لئے استعمال کررہاہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے میگا کرپشن کے اسکینڈلز کی تحقیقات کیوں نہیں کرائی جارہیں؟ خیبر پختو نخوا کے ٹھیکوں سے عمران خان کا کچن اور ترین کا جہاز چلتا ہے، کبھی بھی عمران خان پر الزام نہیں لگایا، یہ الزامات عمران خان کے ایم این اے اور ایم پی ایز لگاتے ہیں، فارن فنڈنگ کیس عمران خان کے ساتھی نے ثبوت کے ساتھ دائر کیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کےساتھ سفرشروع کرنے والے کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی کی بات کر کرکے خود تبدیل ہوگئے، عمران خان سے کسی اچھائی کی امید نہیں رکھی جائے، ان کے پاس نہ کوئی پروگرام ہے اور نہ نظریہ، عمران خان نے دہشت گردوں کو پشاور میں دفتر کھولنے کی پیش کش کی، دونوں نام نہاد بڑی پارٹیاں آمروں کی گود میں پلی بڑھی ہیں، دہشت گردی سے جو نقصان ہوا اس کی کوئی تلافی نہیں کی گئی، ہم اقتدار میں آکر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو مزید بڑھائیں گے۔
https://jang.com.pk/latest/392890-imran-khan-change-is-based-on-lies-bilawal
No comments:
Post a Comment