Saturday, September 23, 2017

خورشید شاہ کی پرویز مشرف پر شدید تنقید

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ جنرل (ر) پرویز مشرف اتنے شیر ہیں تو بینظیر کی طرح پاکستان آئیں اور یہاں رہ کر مقابلہ کریں۔سکھر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خورشید شاہ نے بے نظیر کے قتل سے متعلق آصف زرداری پر الزام لگانے پر سابق صدر پرویز مشرف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ مشرف 10 سال خاموش تھے اب تیس مار خان بن گئے ہیں، وہ اتنے شیر ہیں تو پاکستان آئیں، ہماری طرح یہاں رہیں اور مقابلہ کریں، بے نظیر کی طرح ملک واپس آئیں، بھٹو کی طرح سیاست کریں اور آصف زرداری کی طرح جیل کاٹیں، تب پتا چلے گا کون شیر اور کون بکری ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ مشرف بے نظیر سے ڈرتے تھے، گھبراتے تھے اور ملک نہیں آنے نہیں دیتے تھے لیکن ہم نے ماضی میں سب کچھ کرکے دکھایا، دہشت گردی کے سامنے جان دی اور دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری شہادت کبھی بیرون ملک بیٹھ کر نہیں ہوئی، ہم بیرون ملک میں بیٹھ کر شیر نہیں بنتے،ہم بیرون ملک نہیں بھاگتے، جنہیں موت اور جیل کا ڈر ہو وہ کبھی عوام کی نمائندگی نہیں کرسکتے۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان مسئلوں کا بہت بڑا انبار نظر آتا ہے، ہرطرف سے کوئی نہ کوئی مسئلہ اٹھایا جارہا ہے، پارلیمنٹ اور اداروں میں ٹکراؤ کی کوشش کی جارہی ہے، ملک کے حالات اچھے نہیں، اداروں کا ٹکراؤ ہوچکا ہے، پارلیمنٹ کو کمزور کرنے والا پاکستان سے سنجیدہ نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام کے ووٹ کے تقدس کا لحاظ چاہتے ہیں، پاکستان کے عوام کو فیصلہ خود کرنے کا حق دیا جائے کیونکہ ملک میں خوشحالی تب ہوگی جب عوام فیصلہ کریں گے۔اپوزیشن لیڈر نے یہ بھی کہا کہ نظام کو بچانا ہے تو قربانیاں دینا پڑتی ہیں، گالم گلوچ سے نظام نہیں چلتا، ہمیں بھی گالیاں دینا آتی ہیں مگر ہم جمہوری لوگ ہیں لہٰذا ملک میں عوام کے حقوق کی سیاست کی جائے۔

https://jang.com.pk/latest/379626-khursheed-shah-castigates-pervaiz-musharraf

No comments: