Saturday, April 2, 2022

بار بار وزیراعظم کو کہا عزت کا راستہ اپنایا جائے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی)  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے تو بار بار وزیراعظم کو کہا کہ عزت کا راستہ اپنایاجائے، وزیراعظم کو کہا کہ استعفیٰ دینا چاہیے تھا۔


اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ رمضان میں شیطان بند کردیا جاتا ہے، ہم شیطان کو بند کرنے جارہے ہیں، کل بنی گالا کا شیطان قید ہونے جا رہا ہے، کل سے ہم آپ کے مسائل کے حل کا آغاز کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تمام پاکستانیوں کو رمضان المبارک کی مبارک باد بھی دی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی  نے کہا کہ یہ ہارا ہوا شخص کوشش کرے گا کہ بدامنی ہو، تصادم ہو، یہ ہاراہوا شخص کوشش کرے گا کہ پارلیمنٹ میں تشدد ہو۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ بہت ہی سنگین معاملہ ہے، پارلیمنٹ ملک کےعوام کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج وزیر اعظم کو جمہوری طریقے سے نکال رہے ہیں تو رکاوٹیں نہیں ڈالنی چاہییں، پارلیمنٹ کے ساتھ اور بھی قومی ادارے ہیں، ہر ادارے کے اپنے اصول ہیں،  سپریم کورٹ کےبھی اپنے اصول ہیں کہ اس کےججز کیسے چنے جاتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تحریک انصاف کا وزیر اعظم ٹی وی پر آکر احتجاج کی کال دے رہا ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ پارلیمنٹ کےطریقہ کار پر اعتراض ہوگا تو کل دوسرے اداروں کےطریقہ کار بھی متاثر ہوں گے، سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہیے، کسی کواجازت نہیں دینا چاہیےکہ ملک کی جمہوریت اور قسمت کے ساتھ کھیل کھیلاجائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانتےہیں اپنے لوگوں کا کیسے تحفظ کرنا ہے اور انہیں کیسے پہنچانا ہے، وزیر اعظم اپنے غنڈوں کے ذریعے ہنگامہ آرائی کرنا چاہتے ہیں، وزیر اعلیٰ کے پی کے اور وزیر دفاع کے بیانات سامنے آچکے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سپریم کورٹ کو اپنا آئینی کردار ادا کرنا ہوگا،  ہم نے اپنی اکثریت دکھا دی، کل صرف کاغذی کارروائی باقی ہے۔

https://jang.com.pk/news/1069532

 

No comments: