Monday, September 6, 2021

شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیرمتزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد / کراچی (5 ستمبر 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہداء کی لازوال قربانیاں، فوجی جوانوں کا غیرمتزلزل عزم اور عوام کا ناقابل تسخیر اتحاد ہماری طاقت اور ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ یومِ دفاع کے موقعے پر میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کے لیے ہے۔ 

یومِ دفاعِ پاکستان کے موقعے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو


زرداری نے کہا کہ یوم دفاع منانے کا مقصد پاکستان کی جغرافیہ، اس کے نظریے اور جمہوریت کا تحفظ کرنا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، جنہوں نے قوم کو ایٹمی پروگرام کا تحفہ دیا، جبکہ یہ ان کی دختر وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، جنہوں نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی پروگرام دیا، تاکہ ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا جائے۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وہ تمام فوجی جوان، جنہوں نے پاکستان کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، ہماری قومی تاریخ کے ناقابل فراموش ہیرو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آج یوم دفاع کے موقع پر پوری قوم کی جانب سے اپنے شہداء کے خاندانوں کو مکمل یکجہتی کا یقین دلاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام شہریوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں، جنہوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

 بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کے فلسفے کی روشنی میں نظریہ پاکستان کی پیروی مضبوط دفاع کے ساتھ کریں گے۔

https://www.ppp.org.pk/pr/25442/



No comments: