Thursday, February 10, 2022

صدر زرداری، بی بی آصفہ اور میں پاکستان میں موجود ہیں، عمران خان میں ہمت ہے تو ہمیں گرفتار کرکے دکھائیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری

 چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کے بلاو ل بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی


کرپشن کے بارے میں لگائی رٹ ویسے ہی اپنا اعتبار کھو چکی ہے جیسے اس کے لیڈر جنرل مشرف جو ایک غدار اور بھگوڑے ہیں اپنا اعتبار کھو چکے ہیں۔ عمران خان کی قسمت بھی جنرل مشرف ہی کی طرح ہوگی۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے عمران خان کو چیلنج کیا کہ صدر زرداری وہ خود اور آصفہ بھٹو زرداری پاکستان ہی میں موجود ہیں اور اگر عمران خان میں ہمت ہے تو انہیں گرفتار کرکے دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور صدر زرداری کرپشن کے تمام جعلی کیسوں سے باعزت بری ہوئے ہیں۔ 

چیئرمین بلاول بھٹو نے یہ باتیں جمعرات کے روز ملتان میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے وزیر خارجہ کو کارکردگی کا سرٹیفکیٹ نہ دے کر ملتان کے ساتھ سخت ناانصافی کی ہے۔ عمران خان نے آج اپنے چمچوں کو سرٹیفکیٹ بانٹے ہیں۔ ایک جانب حکومت اپنی کامیاب خارجہ پالیسی اور چین کے کامیاب دورے کا دعویٰ کرتی ہے اور دوسری جانب اپنے وزیر خارجہ کو سرٹیفکیٹ نہیں دیتی۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ پارٹی کی سی ای سی نے اس نالائق، سلیکٹڈ اور کٹ پتلی حکومت کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے اور پارٹی کا ہر ورکر اس جنگ کا سپاہی ہے۔ پارٹی نے ملک بھر میں تمام مسائل پر احتجاج کئے جن میں پٹرول، گیس، چینی اور کھاد کے بحران شامل ہیں۔

 پی پی پی نے کسان مارچ اور ٹریکٹر مارچ کا بھی انعقاد کیا تاکہ ان کسانوں کے حقوق کے لئے آواز بلند کی جائے جو ملک کو غذا کی سکیورٹی مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مارچ 27فروری کو کراچی سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا اور عمران کو عوام کی تکالیف کا جواب دینا ہوگا۔ ہم اس سلیکٹڈ کو عوام پر مزید مشکلات سے دوچار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم ہر اس شخص سے رابطہ کریں گے جس نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ہے اور انہیں پاکستان کے عوام اور پارٹی کی حمایت پر آمادہ کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ پرانے کارکنوں اور حمایتیوں کی جانب یہ پیغام لے کر جائیں کہ شہید بینظیر بھٹو کا بیٹا ان کے ملک کی قسمت بدلنے اور ملک کو بچانے کے لئے نکلا ہے۔ ہم اس نااہل، سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی کو پاکستان کے عوام کے سامنے ننگا کریں گے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ تمام ملک سے گزرے گا اور ہم عوام کو مطلع کریں گے کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشن نے اس سلیکٹڈ حکومت کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت قرار دیا ہے۔ پاکستان کا ہر کرپٹ عمران خان کے دائیں اور بائیں بیٹھا ہوا ہے۔ آج عمران خان نے اپنے کچھ وزراءکو سرٹیفکیٹ دئیے جن میں وہ وزیر بھی شامل ہے جس نے سی پیک کے پراجیکٹ کو روک دیا، وہ وزیر بھی شامل ہے جس نے ایک صوبہ بنانے کا وعدہ کیا تھا اور وہ وزیر بھی شامل ہے جسے پہلے ایک وزارت سے ہٹایا گیا اور اب وہ پلاننگ کا وزیر بن کر چینی، گیس، پٹرول، دواﺅں وغیرہ کا بحران پیدا کر رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ عمران کی کابینہ میں بے تحاشہ وزراءشامل ہیں جبکہ اس نے دس وزراءکو سرٹیفیکیٹ دئیے جس سے ظاہر ہوگیا کہ عمران کو اپنی کابینہ کی اکثریتی وزراءپر اعتماد نہیں۔ عوام اس نالائق کابینہ کا بوجھ اٹھا رہے ہیں لیک اب بہت ہو چکا ہے اور عمران کو اپنی کابینہ سمیت جانا ہوگا۔ چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ لانگ مارچ کی کامیابی ابھی سے ظاہر ہو رہی ہے۔

 عمران کا ایک دوست پارلیمان سے نااہل ہوگیا ہے اور حکومت کے اتحادی بھی حکومت کے بارے اپنی رائے تبدیل کرنے پر تیار ہو رہے ہیں۔ ہم ان اتحادیوں کے حلقہ انتخاب سے بھی گزریں گے اور انہیں عوام کا فیصلہ سنائیں گے کہ عمران کو جانا ہوگا۔ ہم اسلام آباد کے راستے میں آنے والے تمام عمران کے سہولت کاروں کو بتائیں گے کہ یہ حکومت ناکام ہو چکی ہے اور جب ہم اسلام آباد پہنچیں گے تو عدم اعتماد کے وقت دنیا دیکھ لے گی کہ کون عمران خان کے ساتھ ہے اور کون نہیں ہے۔


https://www.ppp.org.pk/pr/26255/

No comments: