Thursday, May 27, 2021

عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں، چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان قرضوں پر ملکی معیشت چلاکر آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے گڑھا کھود رہے ہیں جبکہ سخت شرائط پر قرضے لے کر معیشت چلانے کا تجربہ آئندہ حکومتوں کیلئے بھی مسائل پیدا کرے گا،
 میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کشکول اٹھائے واشنگٹن، ریاض، دبئی اور بیجنگ گھومتے رہے اور ملکی وقار خاک میں ملادیا جبکہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے پاکستان کے فیصلے قرض دینے والے ممالک کے ہاتھوں میں سونپ دئیے ہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ اس سے پہلے کہ ملک بند گلی میں پہنچ جائے، وزیراعظم مستعفی ہوکر گھر جائیں، 

پی پی پی چیئرمین نے بتایا کہ صرف اس سال عمران خان 35 فیصد اضافے کے ساتھ 10 ارب ڈالر کا بیرونی قرضہ لے چکے ہیں جبکہ عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد بیرونی قرضے 95 ارب ڈالر سے بڑھ کر 21 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 116 ارب ڈالر ہوچکے ہیں اور اگر عمران خان اسی رفتار سے قرض لیتے رہے تو قوم کو مستقبل میں سخت حالات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،

 چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے بچے بچے کو قرض کی دلدل میں دھکیل کر ملک کے
 مستقبل کو داؤ پر لگانے کی کوشش کی ہے، اپنی نااہلی سے واقف ہونے کے باوجود عمران خان نے صرف اپنی انا کی تسکین کیلئے پاکستان کو معاشی تباہی سے دوچار کردیا، وزیراعظم کی کابینہ ادھار کے پیسوں کو کرپشن میں اڑارہی ہے، انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم صاحب! معاشی ترقی کے دعوے کرنے سے قبل ایک تنخواہ دار عام آدمی کے گھر کے حالات کی خبر لیں جہاں مہنگائی نے قیامت ڈھادی ہے


https://www.ppp.org.pk/

No comments: