Tuesday, December 29, 2020

سینیٹ انتخاب میں موجودہ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت سینیٹ الیکشن میں حصہ لے گی۔ اسمبلیوں میں رہ کر حکومت کا مقابلہ کریں گے۔


کراچی میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اکتیس دسمبر تک تمام جیالے ارکان استعفے قیادت کو جمع کرائیں گے۔ اس بات کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے منظوری دے دی ہے۔ تاہم سی ای سی فیصلوں کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے سامنے پیش کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارٹی کی مجلس عاملہ نے وزیراعظم عمران خان کو 31 جنوری تک استعفی دینے کی ڈیڈ لائن کی توثیق کی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان کو جانا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے دن سے مردم شماری کیخلاف آواز اٹھا رہی ہے۔ مردم شماری میں درست اعدادوشمار نہیں دکھائے گئے۔ ہر فورم پر حکومت کو چیلنج کریں گے۔ نااہل حکومت کو عدلیہ اور پارلیمان میں بھی چیلنج کرنا چاہیے

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا چاہیے۔ اسمبلیوں میں رہ کر حکومت کا مقابلہ کریں گے۔ پی ڈی ایم سینیٹ الیکشن میں مل کر مقابلہ کرے تو کامیاب ہو سکتی ہے۔

بلاول بھٹو نے ایک بار پھر اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری تک مستعفی ہوں، وزیراعظم خود چلے جائیں، ورنہ ہم بھیجیں گے۔ پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پیپلز پارٹی نے خواجہ آصف کو گرفتار کرنے کی بھی مذمت کی۔

https://samachar.pk/

No comments: