Thursday, July 16, 2020

کرپشن کے الزامات، نیب چپ، وزیر اعظم بھی جواب نہیں دے رہے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت پر کرپشن کے الزامات ہیں مگرنیب چپ ہے،وزیراعظم بھی کوئی جواب نہیں دے رہے ہیں، عمران خان کے وزیراعظم رہنے سے ملک بحران کی طرف جائیگا ،ملکی استحکام کو خطرات درپیش ہیں۔
ریاستی اداروں کو تباہ کردیا گیا سماجی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ کل پی ٹی آئی حکومت کی ناکامیوں پر پریس کانفرنس کی تھی جس میں مسئلہ کشمیر، معیشت اور کورونا وائرس کے حوالے سے حکومتی نااہلیوں کو اجاگر کیا تھا اور پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن کو بھی بے نقاب کیا تھا، انہوں نے عمران خان کو چیلنج کیا تھا کہ وہ قومی اسمبلی یا ٹی وی پر مناظرہ کر لیں۔
دوسرا چیلنج یہ تھا کہ وہ این آئی سی وی ڈی طرز کا ایک ہسپتال بھی پورے پاکستان میں دکھا دیں، تیسرا چیلنج یہ کیا تھا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں کورونا کے فی کس ٹیسٹنگ کا موازنہ سندھ سے کروائیں مگر عمران خان نے ابھی تک میرے کسی بھی چیلنج کو قبول نہیں کیا۔
دریں اثناءمختلف شہروں میں پارٹی لیڈروں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن نہ صرف کورونا سے لڑنے کیلئے سماجی فاصلہ کا خیال رکھیں بلکہ اسے حکومت کیخلاف میری تحریک شروع کرنے کے اعلان کی ریہرسل بھی سمجھیں، کارکن دنیا کو بتا دینگے کہ وباءکے دوران سیاسی تحریک کس طرح سے چلائی جاتی ہے۔
اجلاس میں راجہ پرویز اشرف، سید نیئر حسین بخاری، سید نوید قمر، رضار بانی، شیری رحمٰن، قمر زمان کائرہ اور فرحت اللہ بابر نے شرکت کی ، عمران خان کے وزیراعظم رہنے سے ملک بحران کی طرف جائیگا ، پاکستان کے استحکام کو خطرات درپیش ہیں، عمران خان اور ملک ایک ساتھ نہیں چل سکتے، سلیکٹڈ وزیراعظم کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے اور خود حکومت چھوڑ دینی چاہئے۔

No comments: