Tuesday, April 21, 2020

وفاق صوبوں کو صحت سے متعلق فوری فنڈز فراہم کرے، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ  وفاق پر لازم ہے کہ وہ صوبوں کو صحت سے متعلق فوری فنڈز فراہم کرے۔ اب تک صوبوں کو وفاق کی جانب سے کوئی بھی اضافی رقم نہیں ملی۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے وڈیو لنک پر کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ کے دوران کیا۔
 اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ لاڑکانہ میں کورونا سے بچاؤ کے اقدامات کیے گئے ہیں اور اگلے ہفتے تک لاڑکانہ میں کورونا ٹیسٹ لیبارٹری کام شروع کردے گی۔
 وزیراعلیٰ نے بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ اب تک لاڑکانہ میں ساڑھے 13ہزارمستحقین کو راشن بیگ دیے گٸے ہیں، لاڑکانہ کے 3 ہزار 313 خاندانوں میں فی خاندان 6 ہزار روپے زکوٰۃ فنڈ سے دیےگئے ہیں۔ 
وزیراعلیٰ  نے کہا کہ حکومت سندھ نے مختلف ممالک سے آنے والوں کو خود تلاش کیا۔ بے نظیر بھٹو یونیورسٹی آریجہ کیمپس اور بوائز ہاسٹل میں قرنطینہ سینٹر بناٸے گئے ہیں۔ 
لاڑکانہ میں مدنی تبلیغی سینٹر اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج میں بھی قرنطینہ کیمپ بنائے ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ میں 663 افراد کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں 63 افراد کی مثبت رپورٹ آئی۔ 
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور صحت کی ذمہ داری وفاقی حکومت کی ہے۔ وفاق پر لازم ہے کہ وہ صوبوں کو صحت سےمتعلق فوری فنڈز فراہم کرے۔
 اب تک صوبوں کو وفاق کی جانب سے کوئی بھی اضافی رقم نہیں ملی۔ وفاق کی بی آئی ایس پی کی امداد کی تقسیم کی غلط حکمت عملی سے کورونا پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔  
بلاول بھٹو نے کہا کہ سماجی فاصلہ رکھ کر ایسے امداد کی جائے کہ مستحقین کی عزت نفس اور زندگیاں محفوظ رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں مستحق افراد کو امداد گھر کی دہلیز پر پہنچانے کا عمل قابل تعریف ہے۔
 بلاول بھٹو نے  وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو ہدایت کی کہ وہ سندھ کے تمام اضلاع کا دورہ کریں، معیشت دوبارہ ٹھیک ہو سکتی ہے، زندگیاں دوبارہ نہیں لوٹائی جاسکتیں۔ پیپلز پارٹی کے تمام ذمہ داران عوام میں سماجی فاصلے کا شعور پیدا کریں۔

No comments: