Thursday, September 21, 2017

نواز جھوٹے،عمران دھوکے باز،انگلی پر نا چتے ہیں، لاہور الیکشن میں کالعدم تنظیموں نے حصہ لیا،بلاول بھٹو

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو جھوٹا اورتحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو دھوکے بازقراردیتے ہوئے کہاہے کہ ان کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں‘ان دونوں کے چہرے الگ مگر سیاست ایک ہے ‘نام نہادتبدیلی کے دعویدار عمران خان عوام سے دھوکہ کررہے ہیں ‘اپنی سیاست چمکانے کیلئے دوسروں کو بدنام کرتے ہیں ‘یہ انگلی کے اشارے پر ناچنے والے سیاستدان ہیں‘اگلاالیکشن میرا پہلا عمران خان کا آخری ہوگا‘سیاست کوسرمایہ داروں کے گھرکی کنیزبنادیاگیا‘آمروں کی سیاسی اولاد جمہوریت کالبادہ اوڑھ کرعوام کاخون چوس رہی ہے ،قدم قدم پرعوام کودھوکہ دینے والے حکمرانوں کی سیاست کاروبارکے گردگھومتی ہے ‘لاہورالیکشن میں کالعدم تنظیموں  نے حصہ لیا‘ساہیوال کول پاورپراجیکٹ حکمرانوں کے کالے کرتوتوںکاکارنامہ ہے‘عوام کومہنگائی ،بے روز گاری ، دہشتگردی اورلوڈشیڈنگ سے نجات دلائیں گے اورملک کی قسمت بدلیں گے‘میراجینامرناعوام کے ساتھ ہے ۔بدھ کو ساہیوال میں جلسہ عوام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہاکہ نااہل حکمرانوں نے قدم قدم پرعوام کودھوکہ دیاان کی سیاست کاروبارکی سیاست ہے ،انہیں عوام کی نہیں اپنے کاروبارکی فکرہوتی ہے ،وفاقی اورپنجاب حکومت کے ظلم کی تلوارآج بھی مزدوروں ،کسانوں اورغریب افراد پرچل رہی ہے ۔مہنگائی نے غریب کی کمرتوڑدی ہے ،جوپیازاورٹماٹرتک نہیں خرید سکتا ‘متاثرین کالاباغ ڈیم پرظلم کیاجارہاہے ان پردہشتگردی کے مقدمات بنائے جارہے ہیں ‘پنجاب کے حکمرانوں نے قیمتی زرعی زمین کواونے پونے خرید کر مہنگی بجلی کامنصوبہ بنایا،ساہیوال پاورپراجیکٹ سے شدیدماحولیاتی خطرات پیداہوں گے ۔یہ منصوبہ موجودہ حکومت کے کالے کرتوتوں کاکارنامہ ہے جسے کالامنصوبہ کہاجارہاہے ۔میرا منشور کسان مزدوراورعوام دوست ہوگا،زراعت کے شعبے کواہمیت دی جائے گی ،تیس ایکڑسے کم زمین کے مالک کوکسان کارڈدیں گے ‘ہم پہلے کی طرح اب بھی روزگار دیں گے ،اورعوام کوان کاحق دیاجائیگا‘ہم عوام کی سیاست کرتے ہیں ،دوسری طرف رجعت پسندپارٹیاں ہیں‘پیپلزپارٹی کے خلاف آئی جے آئی بنائی گئی ،آمریت کے سہولت کاروں کو یکجا کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ نوازشریف اورعمران خان کے چہرے الگ مگرسیاست ایک ہے ،نام نہادتبدیلی کی بات کرنے والے عوام کودھوکہ دیتے ہیں یہ اپنی سیاست چمکانے کیلئے دوسروں کوبدنام کرتے ہیں اورانگلی کے اشاروں کی سیاست کرتے ہیں ،ہم کل بھی تھے آج بھی ہیں اورکل بھی ہوں گے ،مگران کایہ آخری انتخاب ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ میں الزامات کی سیاست نہیں کرتا،میڈیاہمیں کوریج نہ دے ،میں عوام تک اپنا منشور لیکر جاؤں گا،اورشہرشہرجلسے کروں گا۔


https://jang.com.pk/print/378396-todays-print

No comments: