Thursday, March 26, 2020

مزدوروں کو دہلیز پر راشن پہنچایا جائے، بلاول

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت ایک ایک مزدور کے گھر پہنچے اور یومیہ اجرت کمانے والوں کے گھروں کی دہلیز پر راشن پہنچایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کے رابطے کے حوالے سے ہیلپ لائن بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں عوام سے ہوں اور عوام مجھ سے ہیں، ایسے کڑے وقت میں ہم کسی کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ سندھ کے کسی مزدور کے گھر میں فاقے نہیں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ یومیہ اجرت کمانے والے پریشان نہ ہوں، پاکستان پیپلزپارٹی آپ کے ساتھ ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سر براہی میں یومیہ اجرت کمانے والے افرا د کی امداد کے میکنزم کے حوالے سے ویڈیو لنک اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینیٹر شیری رحمٰن، نیر بخاری، سید نوید قمر اور سلیم مانڈوی والا  شریک ہوئے، جبکہ اجلاس میں تاج حیدر، وقار مہدی، امتیاز شیخ اور مرتضیٰ وہاب سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پی پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے بھی ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
سند ھ حکومت نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی قیادت کو ضرورت مندوں کی مدد کیلئے اپنی منصوبہ بندی سے آگاہ کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کیلئے سندھ کے ہر ضلع کے ڈی سی کو پہلے فیز میں دو کروڑ روپوں کے اجراء پر اظہار اطمینان کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے فیز کے تحت یومیہ اجرت کمانے والوں کو راشن کی تقسیم فی الفور شروع کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے یومیہ اجرت کمانے والے افراد کی مدد کیلئے دوسرے فیز پر سندھ حکومت کی بریفنگ بھی لی اور سندھ کے زکوٰۃ مستحقین کے حوالے سے بھی استفسار کیا جس کے جواب میں انہیں بتایا گیا کہ ایک لاکھ زکوٰۃ مستحقین کو ان کے اکاؤنٹس میں پیسے منتقل کردئیے گئے ہیں۔

No comments:

Post a Comment