Friday, October 10, 2014

نوبل انعام امن سے محبت کرنے والی سوچ کو ملا ہے، اسفندیار ولی خان

پختو نخوا کی ایک بیٹی نے دنیا بھر میں نام پیدا کیا ہے جو ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ، میاں افتخار حسین پشاور ( پ ر ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان اور مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے ملالہ یوسف زئی کو امن کا نوبل انعام ملنے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے اور انہیں مبارکباد پیش کی ہے ، اے این پی سیکرٹریٹ سے جاری اپنے ایک تہنیتی بیان میں پارٹی رہنماؤ ں نے کہا ملالہ یوسف زئی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ، اور امن کا نوبل انعام ملنا ملک ،خصوصاً صوبہ پختو نخوا اور پختون قوم کیلئے نیک شگون ہے ، انہوں نے کہا کہ نوبل انعام در حقیقت دہشت گردی کے خلاف اور امن سے محبت کرنے والی ایک سوچ کو ملا ہے اور یہی ہماری اصل کامیابی ہے، جبکہ پختو نخوا کی ایک بیٹی نے دنیا بھر میں نام پیدا کیا ہے جو ہمارے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ، انہوں نے کہا کہ ملالہ نے لڑکیوں کی تعلیم کے دشمنوں کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اور سوات میں قیام امن کی خاطر بیش بہا قربانی دی ہے اور اپنی گراں قدر خدمات کے صلے میں ان کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا ، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی کو ان خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان ستارہ جرات بھی دے چکی ہے ، انہوں نے ملالہ یوسفزئی کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی وہ مستقبل میں بھی لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ اور قیام امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔
https://www.facebook.com/ANPMarkaz/posts/765023366892679

No comments:

Post a Comment