Saturday, February 19, 2022

سماجی انصاف کو یقینی بنانا ملک کو پرامن، ترقی پسند اور خوشحال بنانے کی چابی ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

 پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی جماعت کی جانب سے معاشرے کے ہر طبقے کو سماجی انصاف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سماجی انصاف کو یقینی بنانا ملک کو پرامن، ترقی پسند اور خوشحال بنانے کی چابی ہے۔ عالمی یوم سماجی انصاف کے موقعے پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سماجی انصاف ہی پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریے اور جدوجہد کا سنگ بنیاد ہے۔ ہم خواتین، محنت کشوں، نوجوانوں اور اپنی معاشرے کے کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہیں۔

 پاکستان پیپلز پارٹی کی جب بھی حکومت آتی ہے، تو وہ عوام کو سماجی انصاف فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناانصافیوں کے خلاف قربانیوں کی ایک طویل تاریخ کے بعد ان کی جماعت اب معاشرے کے ہر طبقے میں سماجی ناانصافیوں کے متاثرین کے لیے ایک امید بن گئی ہے۔ حکومت کے دوران ہماری جانب سے کیئے گئے سیاسی خواہ انتظامی فیصلوں نے ناتواں اور کمزوروں کو اپنا بہتر مستقبل کا خواب دیکھنے کے قابل بنایا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی پارٹی کے بانی وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے سماجی عدم مساوات کے خلاف تحریک چلائی تھی اور ملک میں پہلی بار عوام کے لیئے ایک فرد ایک ووٹ کا حق حاصل کیا تھا۔

 وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو تو بیروزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کی پاداش میں عدالتوں کے چکر لگوائے گئے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں زچہ و بچہ کی صحت کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔ صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا، جسے عالمی سطح پر بھی سماجی تحفظ کے ایک ماڈل منصوبے کے طور پر سراہا جاتا ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے سیاسی طور ایسے بیشمار اقدام اٹھائے ہیں، جو ملک میں سماجی انصاف کو فروغ دینے کا موجب بنے اور ان طبقات کو بااختیار بنایا جنہیں تاریخ میں ہمیشہ نظرانداز کیا جاتا رہا ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 27 فروری سے عوامی لانگ مارچ شروع کرنے جا رہی ہے، جو اس مہنگائی کے خلاف ہے، جس نے اس غریب عوام کو شدید مشکلات کا شکار بنا دیا ہے، جسے عمران خان کی سلیکٹڈ و کٹھ پتلی حکومت نے غربت میں دھنس دیا ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ہر وہ پاکستانی جو سماجی انصاف چاہتا ہے، اس کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ قوم کو غربت، مہنگائی، بیروزگاری، انتہا پسندی اور ظلم و جبر کے چنگل سے نجات دلانے کے لیے ہمارا ساتھ دے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ ان کی پارٹی بے آواز شہریوِں کی طاقتور آواز بنی رہے گی، کیونکہ ہماری پارٹی کی بنیاد ہی اس پر رکھی گئی تھی کہ وہ ایک تاریخی کردار ادا کرکے پاکستان کو ایک پرامن، مساوات پر مبنی و متحرک جمہوری معاشرہ اور مسلم ممالک کا ایک رول ماڈل ملک بنائے۔

 
  •  
  •  
  •  https://www.ppp.org.pk/pr/26308/

No comments:

Post a Comment