Friday, October 29, 2021

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پی ٹی آئی حکومت کی ناکام ترین پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان میں پیدا ہونے والی کمر توڑ مہنگائی کے خلاف ملک بھر بھرپور عوامی احتجاج پر پارٹی کے عہدیداران و جیالوں کو شاباش

 کراچی / اسلام آباد/ لاہور/ پشاور/ کوئٹہ (29 اکتوبر 2021) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی حکومت کی ناکام ترین پالیسیوں کے نتیجے میں پاکستان میں پیدا ہونے والی کمر توڑ مہنگائی کے خلاف ملک بھر بھرپور عوامی احتجاج پر پارٹی کے عہدیداران و جیالوں کو شاباش دی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج ملک کی ہر گلی اور ہر محلے میں عمران خان سے نجات کے نعرے لگ رہے ہیں۔

پی پی پی میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی صوبائی و ضلعی تنظیموں کے ساتھ ساتھ طلبہ، نوجوانوں، خواتین، مزدور، کسان سمیت تمام ذیلی تنظیموں کے نام علحیدہ علحیدہ پیغامات میں بھرپور احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر انہیں شاباش دی ہے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب اور اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو شاباش دی دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے خلاف عوام کے تاریخی احتجاج نے ثابت کردیا کہ عوام کے معاشی قتل عام کا سلسلہ اب نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے آج ملک کے ہر ضلع میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کرکے عمران خان کی نااہلی پر مبنی پالیسیوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تنظیم نے مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کرکے عوام کے احساسات کی ترجمانی کی ہے۔

پی پی پی چیئرمین پی پی پی نے جنوبی پنجاب میں بھی بھرپور عوامی احتجاج کے انعقاد پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو شاباش دی اور کہا کہ وسیب کے عوام نے شہر شہر مہنگائی کے خلاف احتجاج کرکے اپنا مزاحمتی کردار نبھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی دہائیاں دیتے وسیب کے عوام جانتے ہیں کہ ان کی مجرم پی ٹی آئی حکومت اور عمران خان ہے۔ عوام کے احتجاج نے سلیکٹڈ وزیراعظم کی جھوٹی مقبولیت کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو تاریخ میں ملک کی معاشی تباہی کے ایک بدترین کردار کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر کی طرح پورے سندھ میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرنے پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو شاباش دی اور کہا کہ آمرانہ حکومتوں اور کٹھ پتلیوں کے لئے سندھ کا مزاحمتی کردار ہمیشہ سے ایک روشن مثال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کراچی سے کشمور تک سندھ کے عوام نے مہنگائی کے خلاف باہر نکل کر پی ٹی آئی حکومت کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ روشنیوں کے شہر کراچی پر عمران خان کی جانب سے اندھیرے مسلط کرنے کی کوششوں کو آج عوام نے مسترد کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا سڑکوں پر یوں احتجاج عمران خان کے لئے ایک پیغام ہے کہ قوم انہیں اپنا حکمران نہیں چاہتی۔

پی پی پی چیئرمین نے خیبرپختونخوا بھر میں بھی مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو شاباش دی اور کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں نام نہاد تبدیلی کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں عوام مہنگائی کے خلاف احتجاج کے لئے نکلے، یہ ایک عوامی ریفرنڈم تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان عوام سے روٹی، کپڑا اور مکان چھین رہا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے خلاف ملک بھر میں عوامی تحریک جنم لے چکی ہے۔

پی پی پی چیئرمین بلوچستان میں بھی مہنگائی کے خلاف بھرپور احتجاج پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو بھی شاباش دی اوسر کہا کہ بلوچستان کے عوام کا مہنگائی کے خلاف سڑکوں پر نکلنا سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ایک چارج شیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک عمران خان کی ناکام معاشی پالیسیوں کی سزا بھگت رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر شہر آج عمران خان کے خلاف نکلتے جلوس عوامی غیض و غضب کا ایک اظہار ہیں۔ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، پی ٹی آئی حکومت ہوش کے ناخن لے۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک بھر کی طرح پورے آزاد جموں و کشمیر میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر وہاں کی تنظیم کو شاباش دی اور کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں مہنگائی کے خلاف ہونے والا تاریخی احتجاج ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑوں سے سمندروں تک عوام عمران خان کے خلاف سڑکوں پر نکل کر غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ثابت ہوگیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام پی ٹی آئی کی ناجائز حکومت کو قبول نہیں کرتے۔ عمران خان کہتے تھے کہ ان کے خلاف ایک نعرہ لگا تو وہ مستعفی ہوجائیں گے اور آج پوری قوم سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف یک زبان ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے گلگت بلتستان میں بھی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے انعقاد پر صوبائی و ضلعی تنظیموں کو شاباش دی اور کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کے خلاف ہمالیہ کے پہاڑوں اور قراقرم کی اونچائیوں پر گونجتی صدائیں نوشتہ دیوار ہیں۔ گلگت بلتستان کے ہر ضلع میں مہنگائی سرکار کے خلاف احتجاج ایک سلسلہ ہے جو سلیکٹڈ حکومت کے خاتمے پر رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان کے نام پر عمران خان نے ملک کو تباہی کے حوالے کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے ہاتھوں پریشان گلگت بلتستان کے عوام عمران خان کو معاشی جرائم کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔

No comments:

Post a Comment