پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عوام پہلے ہی تاریخی مہنگائی کی آگ میں جل رہے ہیں، اور اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرنا، مہنگائی کے شعلوں کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت برباد کرنے کے بعد پی ٹی آئی حکومت کے لیئے پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس و محصولات آمدنی کا اہم ذریعہ ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں عوام ریلیف اور کسی اچھی خبر سننے کے لیئے ترس گئے، کیونکہ موجودہ حکومت کی جانب سے ملک میں لوٹ مار سیل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خان صاحب نے اپنا تین سالہ دورِ اقتدار صرف عوام کا تیل نکالنے پر ضائع کردیا، اور فائدہ صرف اے ٹی ایمز کو عطا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان کو وسیع تر قومی مفاد میں ایک اور یوٹرن لینا چاہیئے، اور اپنی پالیسیوں کو 180 ڈگری پر موڑ دینا چاہیئے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور ان پر عائد اضافی ٹیکس و محصولات بلاتاخیر واپس لیئے جائیں۔
https://www.ppp.org.pk/pr/25542/
No comments:
Post a Comment