Thursday, October 15, 2020

لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں، رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ 



سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ احتجاج حکومت کی مزدور دشمن پالیسی اور مہنگائی کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین مہنگائی کے تناسب سے اپنی تنخواہ اور مراعات میں اضافے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ مطالبات جائز ہیں، ملازمت پیشہ طبقہ کے لیے ایک وقت کا کھانا کھانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے میں کارٹل اور حکومت کے سرمایہ دار دوست ملوث ہیں، ملازمین کی جانب سے مناسب تنخواہ کے اسکیل اور ریاستی کمپنیوں کی نجکاری اور برطرفی کے خاتمے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت کی نجکاری کی پالیسی آئین کے خلاف ہے، وفاق کے اداروں کی نجکاری مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے سے ہی ممکن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے مزدور دشمن پالیسی اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کو خوش کرنے کرے لیے اداروں میں یونین سرگرمیوں پر پابندی عائد کی۔

میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بغاوت سے متعلق سیکشن کا طلباء اور مزدوروں پر اطلاق کیا جا رہا ہے، حکومت کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اس بات کا احساس کرے کہ مزدور تحریکوں پر حملہ، تابوت میں آخری کیل ثابت ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی ڈی چوک پر کل سے لیڈی ہیلتھ ورکرز دھرنا دیے بیٹھی ہیں جبکہ اس دوران ان کے حکومتی نمائندوں سے مذاکرات کے 4 دور بھی ناکام ہوچکے ہیں۔

لیڈی ہیلتھ ورکرز نوٹیفکیشن کے اجراء تک دھرنا ختم نہ کرنے پر ڈٹ گئی ہیں، وہ کہتی ہیں کہ تقریباً ڈھائی سال سے کمیٹیوں کا شکار ہیں اب نوٹیفکیشن کے بنا احتجاج ختم نہیں ہوگا۔

https://jang.com.pk/news/832249 

No comments:

Post a Comment