Saturday, August 1, 2020

پاکستان پیپلزپارٹی سندھ نے کراچی کی صفائی کے حوالے سے فوج کی تعیناتی کے عمران خان کے فیصلے کو غیردانشمندانہ قرار دے دیا

کراچی:  پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے وزیراعظم عمران نیازی کی جانب سے کراچی میں صفائی کے حوالے سے فوج کو تعینات کرنے کے فیصلے کو غیردانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج کی ملک کی سرحدوں کی نگہبانی اور سیکیورٹی کے حوالے سے ذمےداریاں پہلے ہی بہت زیادہ ہیں جبکہ کراچی میں نالوں اور شہرقائد کی صفائی کے حوالے سے ادارے پہلے سے موجود ہیں، عمران نیازی کو شاید معلوم نہیں ہے کہ ان کی حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم نہ صرف کراچی کے بلدیاتی نظام پر کئی سالوں سے براجمان ہے بلکہ شہرقائد کے بلدیاتی اداروں کی تباہی کی بھی ذمہ دار ہے اور حالیہ بارشوں میں ایم کیو ایم کے زیر اثر اداروں کی بدترین کارکردگی کے ذمہ دار میئر کراچی اور چاروں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ہیں،
 جن میں کراچی ڈسٹرکٹ ویسٹ، ڈسٹرکٹ ایسٹ، ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ کورنگی شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے چار سالوں میں کراچی کے بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کو بہتر کرنے اور عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے او زیڈ ای اور گرانٹز کے علاوہ ہر حوالے سے ان کو مدد فراہم کی ہے تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مل سکیں لیکن پی ٹی آئی کے اتحادی ایم کیو ایم کے میئر اور چیئرمینوں کی نااہلی اور بددیانتی کے سبب اس کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا، وقار مہدی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اتحادی ایم کیو ایم بلدیاتی نظام میں کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام نظر آئی، آج جو کراچی کی صورت حال بد سے بدتر ہوتی گئی اس کی ذمہ دار صرف اور صرف پی ٹی آئی کی اتحادی ایم کیوایم ہے، جس کے سبب ڈسٹرکٹ ویسٹ، ڈسٹرکٹ، ڈسٹرکٹ کورنگی اور ڈسٹرکٹ ایسٹ کا برا حال ہے، وقار مہدی کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کے سبب جو علاقے متاثر ہوئے ان علاقوں میں ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں نے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا اور عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا اور عمران خان کی ٹائیگر فورس بارشوں میں بھی نظر نہ آئی اور نہ ہی یہ ٹائیگر فورس عوام کو راشن دیتے وقت نظر آئی تھی،
 انہوں نے کہا صرف اور صرف حکومت سندھ کے وزرا نے ایمرجنسی بنیادوں پر جلد از جلد مسائل حل کئے اور بارش کا سارا پانی چند گھنٹوں میں متاثرہ علاقوں سے نکال دیا گیا تھا لیکن ایم کیو ایم 36 سالوں سے مختلف حکومتوں کا حصہ بھی رہی مگر کبھی کراچی کو سنوارنے میں کردار ادا نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے اپنے 12 سالہ دور میں کراچی میں بے تحاشہ ترقیاتی کام کروائے اور کراچی کے مسائل حل کئے اور آج بھی چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر کراچی میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھادیا ہے جبکہ بہت سے کام مکمل ہونے کے ساتھ عوام کو فائدہ دے رہے ہیں جن میں فلائی اوورز، انڈرز پاسز، سڑکوں کی تعمیر، پانی اور سیوریج کا نظام بہتر بنانا بھی شامل ہے، پی پی پی سندھ کے رہنما نے کہا کہ بہتر ہوتا کہ عمران نیازی اپنے اتحادی ایم کیو ایم کی جن جن ڈسٹرکٹ میں حکومت قائم تھی انہیں اضافی گرانٹ دیتے یا ان کو سندھ حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے فنڈز کا حساب لیتے، انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دو سال قبل کراچی کو 162 ارب روپے دینے کا اعلان کیا تھا مگر اس میں سے ایک پھوٹی کوڑی بھی نہیں دی گئی اور نہ ہی کراچی کے عوام کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی اور پروگرام شروع کیا، انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے نواز شریف دور میں کراچی کیلئے شروع ہونے والے پروگرام عمران نیازی کی حکومت کے بعد گزشتہ دو سالوں سے زیر التوا ہیں، انہوں نے کہا کہ پاک فوج کا احترام ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے ان کی خدمات قابل ستائش ہیں، ہمارا ملک دہشت گردی کا شکار بھی ہے جبکہ بھارت لائن آف کنٹرول پر مسلسل جارحیت کرتا رہتا ہے اور پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب بھی دیتی رہی ہے اور ایسے موقع پر عمران خان اپنی سیاست کیلئے پاک فوج کو سیاست میں نہ گھیسٹیں تو بہتر ہوگا، ایسے موقع پر فوج کو اپنا کام کرنے دیا جانا چاہئیے، وقار مہدی نے کہا کہ عمران نیازی کو یاد رکھنا چاہیے کہ کراچی سے ان کے 14 ایم این اے اور 26 ایم پی اے ہیں مگر اس سنجیدہ صورتحال میں ان کی جماعت کا ایک بھی نمائندہ عوام کے درمیان نہیں پایا گیا اور یہ نمائندے اپنے حلقوں سے گلیوں سے اور محلوں سے غائب رہے جبکہ سندھ کے وزرا ناصر شاہ، سعید غنی اور دیگر ذمہ داران نہ صرف متاثرہ علاقوں میں موجود رہے بلکہ عوام کو ریلیف بھی فراہم کیا۔

No comments:

Post a Comment