Friday, May 15, 2020

خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں نامناسب سہولتوں پر ڈاکٹروں کے استعفے اور احتجاج

رپورٹ: محمد زبیر خان
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹر مناسب سہولتوں کی عدم دستیابی پر احتجاج کے علاوہ استعفے بھی دے رہے ہیں۔
صوبے کے بڑے ہسپتال لیڈی ریڈنگ پشاور میں آئی سی یو میں فرائض ادا کرنے والے دو ڈاکٹروں نے احتجاجاً استعفی دے دیا ہے۔
استعفی دینے والوں میں ایک ڈاکٹر عائشہ مفتی لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں واحد کوالیفائی آئی سی یو ماہر تھیں۔ انھوں نے اپنے استعفے میں کہا ہے کہ آئی سی یو میں کورونا مریضوں اور نہ ہی طبی عملے کے لیے کوئی سہولتیں ہیں۔
لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کے ترجمان محمد عاصم نے استعفے میں عائد کردہ تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایچ کے دو ڈاکٹرز نے استعفٰی دیا ہے جس کی وجوہات کے بارے میں مذکورہ ڈاکٹرز نے لوگوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے اور غلط بیانی سے کام لیا ہے۔
دوسری جانب ایوب ٹیچنگ انسٹیٹوٹ ایبٹ آباد میں بھی ایمرجنسی ڈاکٹر فرخ ترین نے دوران فرائض احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جب وہ ڈیوٹی پر آئے تو آرٹیکل روم والوں سے حفاظتی کٹ کی درخواست کی تو معلوم ہوا کہ کوئی حفاظتی کٹ موجود ہی نہیں بلکہ ختم ہو گئی ہیں۔
ادھر ایوب میڈیکل انسٹیٹوٹ انتظامیہ کے مطابق حفاظتی سامان دستیاب ہے اور ڈاکٹر فرخ ترین کو مہیا کر دیا گیا ہے تاہم اس بات کی تحقیق ہو رہی ہے کہ ان کو حفاظتی سامان کیوں نہیں دیا گیا تھا۔

No comments:

Post a Comment