Monday, May 11, 2020

وزیراعظم نے اپنی ذمے داری ادا نہیں کی، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے بطور وزیراعظم اور وزیر صحت اپنی ذمے داری ادا نہیں کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ بیک ڈور بیٹھنے کو بھی تیار ہیں، آپ اپنی بیٹنگ لائن کوتبدیل کریں، ان لوگوں کو فرنٹ پرلائیں جو سمجھدار اور تجربہ کار ہوں جنہیں تمیز ہو۔
ڈپٹی اسپکر قاسم سوری کی زیر صدرت قومی اسمبلی کے اجلاس میں کورونا پر بحث کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وائرس سے قیادت کی اصلیت سامنے آئی ہے، وزیراعظم جو وزیر صحت بھی ہیں، ایوان کو مہلک وائرس پر بریفنگ دینے نہیں آئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ایوان میں بات نہیں کرسکتے، عمران خان کو ایوان میں آکر پوری قوم کو اصل صورتحال سے آگاہی دینا چاہیے تھی۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ وزیراعظم ایک طرف تو یہ چاہتے ہیں کہ غریب، مزدور سمیت ہر شعبے کا فرد کام کرے تاکہ معیشت کا پہیہ چلے، جب آپ دوسروں سے توقع رکھتے ہیں تو وہ آپ کو خود بھی کرنا پڑتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی طرف سے سندھ کی کوششوں کو نظرانداز کیا گیا تو نقصان عوام کا ہوگا، اپنی پہلی پریس کانفرنس میں ہم نے اتحاد کا پیغام دیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے وزیراعلیٰ اور ان کے وزراء کی کردار کشی کی گئی، ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ سندھ میں جہالت کی وجہ سےکورونا پھیلا، یہ وقت اس طرح کی سیاست کا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن سولجرز ڈاکٹرز اور طبی عملہ ہے، جسے خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اب تک 700 سے زائد میڈیکل اسٹاف مہلک وائرس سے متاثر اور 11 شہید ہوچکے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ اسپیکر اسد قیصر کو مس کررہے ہیں، اسپیکر اور ان کی فیملی کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔

No comments:

Post a Comment