Thursday, April 9, 2020

کورونا وائرس سے مقابلے کیلئے پلان ہونا چاہیے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں وڈیو لنک کے ذریعے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں کوروناوائرس کے حوالے سے حکومتی حکمت عملی زیر بحث آئی۔
 اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کو سندھ حکومت کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ اور بتایا گیا کہ بدین میں آئسولیشن سینٹر بنایا گیا ہے، ریسرچ ٹیم صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل کے حوالے سے تحقیق کررہی ہے، نجی اسپتال طبی آلات و عملے کے ساتھ حکومت کی مدد کررہی ہے۔
 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بدترین حالات میں کورونا وائرس سے مقابلہ کرنے کے لیے پلان ہونا چاہئے، گنجائش اور صلاحیت میں اضافے کے حوالے سے تیاریوں میں تیزی لائی جائے۔
 بلاول بھٹو نے کہا کہ  سندھ حکومت اپنی ریسرچ میں ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لے، کوئی بھی صوبائی حکومت اکیلے کچھ نہیں کرسکتی، وفاق کو مدد کرنا ہوگی، وفاق سے بار بار مطالبہ کررہے ہیں وہ سندھ کی مدد کرکے اپنی ذمے داری ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر کورونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنا ہوگا، بلاول بھٹو نے ہدایت کی کہ سندھ حکومت سنگین صورت حال کے لیے تیار رہے۔
 اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیرصحت عذرا پیچوہو،  سیکریٹری صحت کے علاوہ ڈاکٹر باری، ایم بی دھاریجو اور ریحان بلوچ بھی شریک ہوئے۔

No comments:

Post a Comment