Monday, February 10, 2020

مہنگائی مافیاز تبدیلی سرکار کے شراکت دار ہیں، وزیراعظم کا استعفیٰ ہی ریلیف دے سکتا ہے، ن لیگ پی پی پی

 مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ مہنگائی مافیاز تبدیلی سرکار کے شراکت دار ہیں،وزیراعظم کا استعفی ہی ریلیف دے سکتا ہے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا کہ عمران خان چینی اور آٹا چور مافیا کو ساتھ بٹھا کر عوام کی جیب کاٹ رہے ہیں،ملک کو چلانا جھوٹوں ، نااہلوں ، نالائقوں اور چوروں کے بس کی بات نہیں، عمران خان اب استعفی دے کر ہی قوم کو فوری ریلیف دے سکتے ہیں، ڈرامے، تماشے اور جھوٹ سے تبدیلی نہیں صرف تباہی آسکتی ہے اور وہ عمران خان لے آئے ہیں،دوستوں کو ریلیف دے کر 2018 کے انتخابات اور بنی گالہ کا خرچہ پورا کیا جا رہا ہے۔
عمران خان اور ان کے دوستوں کی چوری نے جہانگیر ترین کو امیر ترین اور ملک کو مہنگا اور غریب ترین کر دیا، عمران خان 16 ماہ کا حساب دییں کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کو کتنا نفع پہنچا اور ملک کا کتنا نقصان ہوا، آٹا اور چینی کا بحران ختم اور قیمتیں کم کرنے کے لئے عمران خان، جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کو تلاشی دینا پڑے گی۔
ترجمان (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینا ہے تو تلاشی لیں کہ جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں سے کتنی چینی برآمد ہوئی تلاشی لیں، 24 گھنٹے گزر گئے لیکن اب تک جہانگیرترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی نہیں لی، اگر چینی اور آٹے کی چوری نہیں کی تو جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کی ملوں کی تلاشی کا حکم کیوں نہیں دیتے۔ 
چیئرمین پی اے سی اور مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی رہنما رانا تنویر حسین نے مرید کے میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئےکہا کہ اپوزیشن عوام کو مہنگائی اور لا قانو نیت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ ے گی اور آئندہ ہفتے قومی اسمبلی کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا جائے گا تا کہ بے رحم حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ 
پی ٹی آئی حکومت پاکستان پر عذاب بن کرنازل ہوئی ہے جس سے جلد چھٹکاراحاصل ہو جائے گااور ملک دوبارہ ترقی کی طرف لوٹ جائے گا۔ 
موجودہ حکومت کا ساتھ چھوڑنا نیک کام میں حصہ ڈالنا ہے اور اگر کوئی حکومتی رکن اسے چھوڑتا ہے تو وہ نیک کام کرتا ہے اور ہم نیکی کے کام میں ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے کہا کہ غریبوں کو تکلیف اور اشرافیہ کو ریلیف دینے والوں سے قوم بخوبی آگاہ ہے۔

No comments:

Post a Comment