Saturday, February 1, 2020

پاکستان میں گزشتہ برس 144 پولیو کیسز کا اضافہ

پاکستانی حکام نے ملک میں پولیو کے مزید چار کیسز کی تصدیق کی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق سن 2019 میں کل 144 پولیو کیسز سامنے آئے ہیں۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق جب عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو کے حوالے سے ملکی حکمت عملی پر نظر ثانی پر زور دیا تو پاکستانی حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ گزشتہ برس دسمبر تک ملک میں پولیو کے ایک سو چوالیس کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو کہ گزشتہ پانچ برس میں سب سے زیادہ ہیں۔ پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام کے سینئر اہلکار ذوالفقار باباخیل نے رواں برس کے آغاز سے اب تک مزید سات پولیو کیسز کی بھی تصدیق کی ہے۔
پاکستان میں پولیو کے کیسز کی تعداد سن 2014 میں تین سو چھ رہی جبکہ سن 2015 میں صرف 54 پولیو کیسز سامنے آئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2016ء  سے 2018ء تک پولیو کیسز میں واضح طور پر کمی ریکارڈ کی گئی۔ 
پاکستان میں انسداد پولیو مہم کو سب سے زیادہ نقصان پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں پر ہونے والے حملوں کی وجہ سے پہنچا ہے۔ پاکستان میں شدت پسند اب تک کئی سو پولیو ورکرز کو ہلاک کر چکے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ یہ قطرے اس لیے پلائے جاتے ہیں تاکہ مسلمانوں کی آبادی میں اضافہ نہ ہو۔
واضح رہے پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں رواں ہفتے کے آغاز میں ایک مسلح شخص نے دو خواتین  پولیو ورکرز کو فائرنگ کر کے سے ہلاک کر دیا تھا۔ پاکستان اور افغانستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہیں جہاں آج بھی پولیو اب بھی پھیلا ہوا ہے۔

No comments:

Post a Comment