Saturday, January 4, 2020

اعتماد میں نہیں لیاگیا، ن لیگ نے غیرمشروط تعاون سے اپوزیشن کا کردار ختم کردیا، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ن لیگ نے آرمی ایکٹ ترمیمی بل کے حوالے سے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا، ن لیگ نے غیر مشروط تعاون سے اپوزیشن کا کردار ختم کر دیا۔
آرمی ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بل کمیٹی کو بھیجنا ہماری چھوٹی سی کامیابی ہے، اگر پیپلز پارٹی کی سپورٹ چاہیے تو پارلیمانی طریقہ کار کو اپنانا ہوگا، نہیں پتہ کہ حکومت کو کیا جلدی تھی، جو غلطیاں نوٹیفکیشن میں ہوئیں وہ پھر دہرائی جارہی ہیں۔
جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ (ن )لیگ نے اعلان کیا کہ وہ حکومت کی غیرمشروط حمایت کریگی، میرے قومی اسمبلی میں 50 ووٹ ہیں، میں نہ ایک فل اسٹاپ اور نہ ہی کوما پر اثرانداز ہو سکتا ہوں لیکن سمجھتا ہوں جیسے ن لیگ اور پی ٹی آئی اس بل کو پاس کرنا چاہتے ہیں، یہ پارلیمانی طریقہ کار کو ایک طرف رکھنا چاہتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کے حوالے سے منظوری دی ہے، جبکہ ن لیگ نے ترمیم کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے اس پر پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا ،ہمیں ان بورڈ لیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ 
بلاول بھٹو نے کہا کہ جو غلطیاں نوٹیفکیشن میں ہوئیں وہ پھر نہ ہوں ،ہمیں پارلیمان طریقہ کار کو اپنانا چاہیے، اگر پیپلز پارٹی کی سپورٹ چاہیے تو طریقہ کار کو اپنانا ہو گا، اگر یہ بل کمیٹی میں جائے بغیر پاس ہوتا تو پارلیمان کیلئے اچھا قدم نہ ہوتا۔ 
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر ہم پارلیمان کی عزت نہیں کریں گے تو کوئی اور بھی نہیں کریگا، حکومت نے جو قدم لیاہے وہ پہلے لینا چاہئیے تھا۔

No comments:

Post a Comment