Sunday, December 22, 2019

سرٹیفائیڈ غدار مشرف کی تکلیف پر نیب کا ردعمل تو آنا ہی تھا، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سرٹیفائیڈ غدارمشرف کی تکلیف پر نیب کا ردعمل آنا لازمی تھا، سلیکٹڈ ہمارے راولپنڈی آنے کے اعلان سے ڈرگئے ہیں اس لئے نوٹس بھیجنے شروع کردئیے ہیں،عوام کو کٹھ پتلی کا غلام نہیں بننے دیں گے،جب منتخب وزیر اعظم کو نیب یا عدالت طلب کرسکتی ہے تو سلیکٹڈوزیراعظم عمران خان کیخلاف کیس میں انہیں طلب کیوں نہیں کیا جا رہا؟ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیب سے پیپلز پارٹی ڈر جائے گی یہ ان کی بھول ہے ، ملک میں وہ جمہوریت نہیں جس کیلئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے کوڑے کھائے اورقائدین نے شہادئیں دیں، طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اس لئے ہم ملک میں عوامی راج لائیں گے جس کیلئے27 دسمبر کوراولپنڈی آرہے ہیں کیونکہ ملک میں عوام، صحافت اور سیاست آزاد نہیں، دہشت گردوں اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے انٹرویو نشر ہوسکتے ہیں لیکن سابق صدر آصف علی زرداری کا انٹرویو نشر کرنے پر مکمل پابندی ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عنقریب تحریک انصاف حکومت گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی سن لیں ہم ایک بار پھر 27 دسمبر کو آرہے ہیں۔
پیپلزپارٹی کی تیسری نسل کا پیغام ہے کہ 27 دسمبر کو پھر راولپنڈی آرہے ہیں اگر آپ 2018 میں بھی صاف و شفاف انتخابات نہیں کراوسکتے تو پھر کس قسم کی جمہوریت ہے، یہ کیسی جمہوریت ہے، شفاف انتخابات کا موقع نہیں دیتے اور احتجاج بھی نہیں کرنے دیتے۔
دنیا کو بتائیں گے پاکستان میں طاقت کا سرچشمہ عوام ہے اور ملک میں حکمرانی ہوگی تو صرف عوام کی حکمرانی ہوگی ،سلیکٹڈ حکومت ہر محاذ پرناکام ہوچکی ہے، حکومت چلا سکتے ہیں اور نہ ہی معیشت یہاں تک کہ وہ ایک نوٹیفکیشن بھی ٹھیک طریقے سے جاری نہیں کرسکتے۔
2018 کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی سابق صدر (ر) جنرل پرویز مشرف کے بنائے ہوئے قومی احتساب بیورو (نیب) سے پیپلز پارٹی ڈر جائے گی یہ ان کی بھول ہے جس نیب کو آپ سیاسی مخالفین کیلئے استعمال کررہے ہیں، پرویز مشرف کامیاب ہوئے اور نہ آپ کامیاب ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کی حکومت کے بعد تمام حکومتیں عوام دشمن رہیں اور انہوں نے کسانوں سمیت عوام کے معاشی، معاشرتی، سیاسی اور بنیادی حقوق کا تحفظ نہیں کیا ،معیشت کا ستیاناس کردیاگیا، حکومت تو چلا ہی نہیں سکتے ہیں اور یہاں تک کہ کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کا سودا کردیاکوئی غیرت مند پاکستانی ان کو معاف نہیں کرسکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی یہ حکومت گرے گی اور عوامی حکومت بنے گی، ورکرز کنونشن میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی،صوبائی صدر انجینئر محمد ہمایوں خان، رحیم دادخان، سید ظاہر علی شاہ اور کرامت اللہ چغرمٹی سمیت دیگر قائدین بھی شریک تھے

No comments:

Post a Comment