Monday, April 2, 2018

ملالہ واپس برطانیہ روانہ ہوگئیں

ساڑھے پانچ برس بعد وطن آنے والی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی اپنے والدین کے ہمراہ اسلام آباد سے برطانیہ واپس روانہ ہوگئیں۔
ملالہ یوسف زئی نے پاکستان میں 4روزقیام کیا، ان کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد کے بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، وہ براستہ دوحا برطانیہ جائیں گی۔
ملالہ ساڑھے پانچ برس بعد 29اپریل کو بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب والد ضیاء الدین یوسف زئی، دیگر اہل خانہ اور سی ای او ملالہ فنڈ فرح محمد کے ہمراہ وطن واپس آئی تھیں۔
انہوں نے اپنے پاکستان کے دورے کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت اہم شخصیات سے ملاقات کی، جبکہ اپنے آبائی علاقے سوات کا دورہ بھی کیا۔
ملالہ یوسف زئی کی وطن آمد پر ان کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہونے والی ملالہ یوسف زئی پر 9 اکتوبر 2012 ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا،جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں، انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔
12 جولائی 2013ء کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا، انہیں 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا۔
ملالہ یوسف زئی مسلسل 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے ،انہیں عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔
https://jang.com.pk/news/472675

1 comment: